برازیل فٹبال ٹیم کے سابق کپتان رونالڈینیو سمیت عالمی شہرت یافتہ کئی دیگر کھلاڑی آئندہ ماہ پاکستان پہنچ رہے ہیں، جہاں وہ نمائشی میچ بھی کھیلیں گے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی سی پی آر‘ کے ڈائریکٹر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر پیر کو ایک پیغام میں کہا کہ ’’ہم رونالڈینیو اور اُن کی ٹیم کو خوش آمدید کہتے ہیں۔‘‘
فٹبال کھلاڑی چھ سے آٹھ جولائی کے دوران پاکستان میں رہیں گے۔
فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پرامن اور کھیل سے محبت کرنے والا ملک ہے۔
عالمی شہرت یافتہ فٹبالر پاکستان میں نمائشی میچ کھیلیں گے۔
پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات اور سلامتی کے خدشات کے سبب ملک میں دیگر شعبوں کے علاوہ کھیل کا شعبہ بھی بری طرح متاثر ہوا ہے اور بین الاقوامی کھلاڑی اور ٹیمیں یہاں آ کر کھیلنے سے گریزاں ہیں۔
عالمی شہرت یافتہ فٹبالروں کی پاکستان آمد سے متعلق فوج کے ترجمان کی طرف سے یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا جب ایک روز قبل ہی پاکستان کرکٹ ٹیم نے برطانیہ میں کھیلی جانے والی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے فائنل میں بھارت کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔