ایرانی میڈیا کی خبروں میں بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی گارڈز نے شام جانے والے ایرانی ایئرلائيز کے ایک طیارے کو ہائی جیک کی کوشش کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔
ہفتے کے روز کی خبروں میں کہاگیا ہے کہ ایک ایرانی فضائی کمپنی کے ایک طیارے میں سوار ایک نامعلوم شخص نے یہ دعویٰ کیا کہ اس کے پاس بم ہے۔ حکام نے جمعے کو دیر گئے اسے طیارے کے دمشق ایئر پورٹ پر اترنے سے کچھ دیر پہلے گرفتار کرلیا۔
فضائی کمپنی کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ گرفتار ہونے والا شخص بظاہر ذہنی طورپر غیر متوازن دکھائی دیتا ہے۔
اس واقعہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا اور طیارے پر سے کوئی دھماکہ خیز مواد بھی برآمد نہیں ہوا۔
ایران کے پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ممکنہ ہائی جیکر کا تعلق انقلاب مخالف تنظیموں سے ہے۔