رسائی کے لنکس

جی سیون ممالک کے سربراہان کا ورچوئل اجلاس، ایران کے حملے کی مذمت

امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے جی سیون ممالک کے ورچوئل اجلاس سے خطاب کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق اس اجلاس میں ایران کے اسرائیل پر حملے کی مذمت کی گئی ہے۔

09:32 14.4.2024

امریکہ نے ایک ہفتے قبل ہی خطے میں دفاعی نظام اور جنگی طیارے تعینات کر دیے تھے: صدر بائیڈن

امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ امریکہ نے ایرانی ڈرونز اور میزائل حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اسرائیل کی بھرپور مدد کی ہے جس کی وجہ سے تقریباً تمام ڈرونز اور میزائل مار گرائے گئے ہیں۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق امریکی صدر نے کہا کہ صورتِ حال کے پیشِ نظر امریکہ نے خطے میں ایک ہفتہ قبل ہی میزائل دفاعی نظام اور جنگی طیارے تعینات کر دیے تھے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اُن کی اسرائیلی وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو سے ٹیلی فون پر بات ہوئی ہے جس میں امریکہ نے اسرائیل کو یقین دلایا ہے کہ وہ فولادی عزم کے ساتھ اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے۔

صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے وزیرِ اعظم نیتن یاہو سے کہا ہے کہ اسرائیل نے ایران کے غیر معمولی حملوں کے خلاف دفاع کی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جس نے دُشمن کو یہ پیغام دیا ہے کہ اسرائیل کی سلامتی کو خطرے میں نہیں ڈال سکتے۔

صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ وہ اتوار کو جی سیون ممالک کا اجلاس بلا کر ایران کی جانب سے ڈھٹائی کے ساتھ کیے گئے اس حملے کے خلاف مربوط سفارتی ردِعمل پر بات کریں گے۔

امریکی صدر کے بقول ایران کی جانب سے فی الحال امریکی تنصیبات یا افواج پر حملے نہیں کیے گیے، تاہم ہم صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور اپنے لوگوں کی حفاظت کے لیے تمام اقدامات کریں گے۔

XS
SM
MD
LG