ایرانی صدر محمود احمدی نژاد جمعرات کو جنوبی لبنان میں اسرائیلی سرحد سے ملحقہ دیہات کا دورہ کر رہے ہیں جہاں وہ عسکریت پسند گروپ حزب الله کی جانب سے یہودی ریاست کے خلاف مسلح مزاحمت کے لیے حمایت حاصل کرنے میں کوشاں ہیں۔
مسٹر احمدی نژاد جن علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں وہ 2006ء میں حزب الله کی اسرائیل کے ساتھ جنگ میں تباہ ہو گئے تھے اور ان میں سے بعض کی دوبارہ تعمیر میں ایرانی امداد استعمال ہوئی ہے۔ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہاں کے رہائشی ایرانی صدر کا استقبال پر جوش انداز میں کریں گے۔
بدھ کو مسٹر احمدی نژاد کی بیروت آمد پر بھی ہزاروں افراد ان کے استقبال کے لیے موجود تھے۔ 2005ء میں صدارت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کا لبنان کا یہ پہلا دورہ ہے۔
اپنے ایک خطاب میں ایرانی صدر نے اسرائیل پر فلسطینیوں کے حقوق پامال کرنے کا الزام لگایا۔
حزب الله کے رہنما حسن نصرالله نے نشری رابطے کے ذریعے مسٹر احمدی نژاد کے اُس موقف کو خوش آمدید کہا جس کے مطابق اسرائیل ایک ”ناجائز“ ریاست ہے اور اس کو ختم ہو جانا چاہیئے۔