ایران کی پارلیمنٹ نے ملک کے وزیر ٹرانسپورٹیشن”باربرداری“ کومنگل کے روز اُن کے عہدے سے برطر ف کر دیا ہے ۔ یہ فیصلہ وزیر حامد بیہبحانی (Hamid Behbahani) پر زمینی اور فضائی سفر کے دوران ناقص حفاظتی انتظام کے تناظر میں کی جانے والی کڑی تنقید کے بعد کیا گیا ہے۔
صدر محمود احمدی نژاد کے قریبی ساتھ حامد بیہبحانی کی برطرفی کے حق میں پارلیمنٹ نے منگل کو ووٹ دیا۔ سابق وزیر کے ناقدین کا الزام ہے کہ وہ ہلاکت خیز زمینی اور فضائی حادثوں کو روکنے اور بدانتظامی پر قابو پانے میں ناکام رہے۔
ایران میں حال ہی میں متعدد فضائی حادثے ہوئے ہیں اور جنور ی کے اوائل میں بھی ایک جہازگر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں 77 افراد ہلاک ہو گئے۔
ان حادثات کی بڑی وجوہات پرانے جہاز اور اُن کی دیکھ بھال کے ناقص انتظامات بتائی جاتی ہیں۔ ایران کے خلاف امریکہ نے بعض پابندیاں عائد کر رکھی ہے جن کے ہوتے ہوئے وہ مغربی ممالک سے نئے جہاز یا پرانے جہازوں کے پرزے نہیں خرید سکتا۔