ایران میں حکام نے کہا ہے کہ اگر حکومت کے مخالفین نے اتوار کو طے کردہ احتجاجی مظاہرے کیے تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
اپوزیشن رہنمائوں میر حسین موسوی اور مہدی کروبی نے اپنی ویب سائٹس کے ذریعے حکومت کے مخالفین سے اپیل کی ہے کہ وہ منصوبے کے تحت اتوار کو ملک گیر احتجاجی مظاہرے کریں۔
ایرانی وزیر داخلہ نے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کو بتایا ہے کہ مظاہرین کو روکا جائے گا۔
حکومت مخالف گرین موومنٹ سے تعلق رکھنے والے موسوی اور کروبی کو پیر کے روز شروع ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے بعد سے ان کے گھروں پر نظربند کر دیا گیا ہے۔
ایرانی حکومت نے انھیں باغی قرار دیا ہے جب کہ قدامت پسند رہنما ان کے خلاف قانونی کارروائی اور ان کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔