رسائی کے لنکس

ایران: 74 سالہ صحافی تین سال قید کے بعد رہا


ایرانی صحافی کیوان صمیمی ۔ فائل فوٹو
ایرانی صحافی کیوان صمیمی ۔ فائل فوٹو

ایران نے حکومت پر تنقید کرنے والے صحافی کیوان صمیمی کو رہا کر دیا ہے۔ وہ دسمبر 2020 سے قید میں تھے۔ اہل خانہ نے بتایا ہے کہ انہیں جمعرات کو رہا کیا گیا ہے۔

صمیمی کی عمر 74 سال ہے۔ انہیں’’قومی سلامتی کے خلاف سازش‘‘کے الزام گرفتار کرنے کے بعد تین سال قید کی سزا دی گئی تھی۔

کیوان صمیمی کے خاندان نے بتایا کہ انہیں تہران سے 200 کلومیٹر مشرق میں واقع سیمنان جیل میں رکھا جا رہا تھا۔ جہاں سے انہیں جمعرات کے تیسرے پہر رہا کر دیا گیا۔

حکام نے صمیمی کو صحت کی خرابی کے پیش نظر گزشتہ سال فروری میں گھر جانے کی اجازت دے دی تھی۔

خبررساں ایجنسی مہر کے مطابق یہ رہائی عارضی ثابت ہوئی اور انہیں مئی میں دوبارہ پکڑ کر جیل بھیج دیا گیا۔ حکام نے ان پر الزام لگایا کہ ان پر عارضی رہائی کا غلط استعمال کر کے قومی سلامتی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔

ان کے اہل خانہ نے بتایا ہے کہ تہران کے پراسیکیوٹر نے کیوان صمیمی کے خلاف گزشتہ ماہ ایک نیا فرد جرم عائد کیا تھا، جس میں ان پر ملک کی سلامتی کے خلاف ریلی نکالنے کا الزام لگایا گیا تھا اور ان کے خلاف مقدمے کو انقلابی عدالت میں بھیج دیا گیاہے۔

کیوان نے دسمبر میں اپنی قید کی کوٹھری سے مہسا امینی کی پولیس کی حراست میں ہلاکت کےخلاف جاری احتجاجی تحریک کی حمایت میں ایک پیغام جاری کیا تھا ۔

صمیمی کو 1979 کے اسلامی انقلاب سے پہلے اور بعد میں بھی کئی بار قید کیا جا چکا ہے۔

(اس رپورٹ کے لیے مواد اے ایف پی سے لیا گیا ہے۔)

XS
SM
MD
LG