ایران کی جانب سے اپنا متنازع جوہری پروگرام روکنے سے مسلسل انکار کے بعد یورپی یونین نے تہران حکومت کے خلاف اقتصادی پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جمعرات کو برسلز میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران یورپی وزرا ئے خارجہ نے ایران پر عائد پابندیوں کے دائرہ کار کو مزید شخصیات اور کاروباری اداروں تک وسیع کرنے پر اتفاق کیا۔
اجلاس کے دوران یورپی وزرا نے ایران کے مواصلات اور توانائی کے شعبوں کو بھی مستقبل میں پابندیوں کے دائرے میں لانے پرغور کرنے پہ اتفاق کیا۔
یورپی سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ نئی پابندیوں کے نتیجے میں 180 ایرانی عہدیداران اور کمپنیاں متاثر ہوں گی۔
مغربی طاقتیں الزام عائد کرتی آئی ہیں کہ ایران کے جوہری پروگرام کا مقصد ہتھیاروں کی تیاری ہے تاہم تہران اس الزام کی تردید کرتا آیا ہے۔
دریں اثنا یورپی یونین نے تہران میں مظاہرین کی جانب سے دو برطانوی سفارتی عمارات میں توڑ پھوڑ کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ مظاہرین نے منگل کو برطانوی سفارتی دفاتر پہ حملہ کرکے عمارتوں میں توڑ پھوڑ کی تھی۔
واقعہ کے ردِ عمل میں برطانیہ نے تہران میں اپنا سفارت خانہ بند کرنے اور برطانیہ میں تعینات ایران کے سفارت کاروں کو ملک سے نکل جانے کا حکم دیا تھا۔
یورپی یونین کے اجلاس میں شرکت سے قبل برطانوی وزیرِ خارجہ ولیم ہیگ نے تنظیم کی جانب سے واقعہ کا سخت ردِ عمل ظاہر کرنے کی حمایت کی ۔
دریں اثنا ایران کی خبر رساں ایجنسی 'فارس' نے اطلاع دی ہے کہ منگل کو برطانوی سفارت خانے پر حملے کے الزام میں گرفتار کیے گئے 11 مظاہرین کو پولیس نے رہا کردیا ہے۔ حکام نے ملزمان کی رہائی کی وجوہات تاحال بیان نہیں کی ہیں۔
خبر رساں ایجنسی نے یہ بھی کہا ہے کہ ایران، تہران میں تعینات برطانوی سفارت کاروں کو ملک سے نکل جانے کا حکم دینے والا ہے۔
برطانیہ کی جانب سے ایران کے تمام بینکوں سے روابط معطل کرکے اس پر عائد اقتصادی پابندیوں کو سخت کرنے کے فیصلے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ چند روز سے کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔
برطانوی پابندیوں کے جواب میں رواں ہفتے ایرانی پارلیمان نے نے لندن کے ساتھ سفارتی تعلقات میں کمی لانے کے حق میں ایک قرارداد بھی منظور کی ہے۔
ادھر جمعرات کو ایرانی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ کہ سوئٹرزلینڈ کے شہر برن میں قائم اس کے سفارت خانے پر حملہ کیا گیا ہے۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی 'ارنا' نے بتایا ہے کہ بدھ کی شب دو نوجوانوں نے ایرانی سفارت خانے کو پتھروں اور آتش گیر مادے سے نشانہ بنایا۔