رسائی کے لنکس

سعودی بندرگاہ کے قریب ایران کے آئل ٹینکر میں دھماکہ


ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق، ایرانی ٹینکر 'سونوپا' کو جمعے کے روز دو میزائلوں سے سعودی بندرگاہ کے قریب نشانہ بنایا گیا۔ (فائل فوٹو)
ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق، ایرانی ٹینکر 'سونوپا' کو جمعے کے روز دو میزائلوں سے سعودی بندرگاہ کے قریب نشانہ بنایا گیا۔ (فائل فوٹو)

سعودی عرب کے شہر جدہ کی بندرگاہ کے قریب ایران کے تیل بردار ٹینکر میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی ہے۔

ایران کے سرکاری ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی تیل بردار ٹینکر ‘سونوپا’ کو جمعے کے روز دو میزائلوں سے جدہ کی بندرگاہ کے قریب نشانہ بنایا گیا ہے۔

ایران کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق، آئل ٹینکر میں دھماکہ دہشت گردی کی کارروائی ہو سکتی ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ ایرانی آئل ٹینکر پر بحیرہ احمر میں حملہ کیا گیا ہے، جس میں ٹینکر کو نقصان پہنچا ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان عباس موسوی نے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ حملہ کرنے والے اس عمل کے نتائج کے ذمے دار ہونگے۔

ایرانی آئل ٹینکر پر حملہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے، جب ایران اور سعودی عرب کے تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں۔

سعودی آئل تنصیبات پر 14 ستمبر کو ہونے والے حملوں کا الزام امریکہ اور سعودی عرب نے ایران پر عائد کیا تھا۔ تاہم، تہران ان الزامات کی تردید کرتا آیا ہے۔

​خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق، جمعے کو سعودی عرب کی بندرگاہ کے قریب جس آئل ٹینکر میں دھماکہ ہوا وہ ایران کی ‘نیشنل ایرانین آئل کمپنی’ کی ملکیت ہے جب کہ دھماکے کی وجہ سے ٹینکر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

ایران کی 'اسٹوڈنٹس نیوز ایجنسی' کا کہنا ہے کہ سعودی شہر جدہ سے 60 میل کے فاصلے پر بحیرہ احمر میں ایرانی آئل ٹینکر سے تیل کا رساؤ ہو رہا ہے۔

ایران کے پاسداران انقلاب کے قریب سمجھی جانے والی ‘نور نیوز ایجنسی’ کے مطابق آئل ٹینکر میں ہونے والے دھماکے میں عملہ محفوظ ہے۔

XS
SM
MD
LG