ایران کے انسانی حقوق کے کارکنوں اور حزب اختلاف کی ویب سائٹس کاکہنا ہےاس ہفتے ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں میں ایک ہزار سے زیادہ طالب علموں نے حصہ لیا تھا۔
حزب اختلاف کی ایک ویب سائٹ کلمہ میں کہا گیاہے کہ ایرانی حکام نے تہران کے پولی ٹکنک یونیورسٹی سے منگل کے روز تقریباً 15 طالب علموں کوگرفتار کیا تھا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پانچ طالب علم ابھی تک حراست میں ہیں۔
طالب علم ہر سال 1953ء میں امریکہ مخالف مظاہروں میں سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے تین طالب علموں کی یاد میں ہونے والی اسٹوڈنٹ ڈے کے موقع پر احتجاج کررہے تھے۔
پچھلے سال اسٹوڈنٹ ڈے کے سلسلے کے اجتماعات ، حکومت مخالف جلوسوں میں تبدیل ہوگئے تھے اور انہوں نے صدر محمود احمدی نژاد کے دوبارہ انتخاب پر احتجاج کیا تھا۔ اس موقع پر حکام نے حزب اختلاف کے کئی سرگرم کارکنوں کو گرفتار کرلیاتھا۔
بدھ کے روز تہران کے ایک پراسیکیوٹر نے معروف اصلاح پسند اخبار شرق کے چار صحافیوں کی گرفتاری کی تصدیق کی۔ یہ گرفتاریاں منگل کو ہوئی تھیں اور اس دن کے اخبار نے ایرانی طالب علموں کی تحریک پر ایک مضمون شائع کیاتھا جس میں ایسے انٹرویوز بھی شامل تھے جن میں حکومت پر نکتہ چینی کی گئی تھی۔