رسائی کے لنکس

معروف ایرانی فلم ہدایت کار کیارستمی کا انتقال، مداحوں کا خراج عقیدت


عباس کیارستمی (فائل فوٹو)
عباس کیارستمی (فائل فوٹو)

ایران کے صدر حسن روحانی نے کیارستمی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ "زندگی کے بارے میں ان کا منفرد اور گہرا رجحان ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔"

ایران کے شہرہ آفاق فلم ہدایت کار عباس کیارستمی کی وفات پر نہ صرف ملک میں لوگ افسردہ ہیں بلکہ دنیائے فلم نے بھی انھیں ایک عہد ساز شخصیت قرار دیتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

کیارستمی پیر کو 76 برس کی عمر میں پیرس میں انتقال کر گئے تھے۔ وہ سرطان کے عارضے میں مبتلا تھے اور فرانس میں زیر علاج تھے۔

تقریباً چار دہائیوں پر محیط اپنے فنی سفر میں انھوں نے خود کو ایک بہترین فلم ساز کے طور پر منوایا۔ 1997ء میں ان کی فلم "ٹیسٹ آف چیری" کو کانز فلم فیسٹیول میں موقر ایوارڈ "پام ڈی اور" سے بھی نوازا گیا۔

ایران کے صدر حسن روحانی نے کیارستمی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ "زندگی کے بارے میں ان کا منفرد اور گہرا رجحان اور دوستی و امن کی طرف ان کی دعوت ایسی چیزیں ہیں جو ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔"

ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ کیا رستمی کا انتقال بین الاقوامی سینما کے لیے ایک نقصان ہے۔ انھوں نے انھیں "استاد" کہہ کر مخاطب کیا۔

منگل کو تہران میں سیکڑوں افراد نے مرحوم کی یاد میں شمع روشن کیں اور انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔

عباس کیارستمی کی میت آئندہ ہفتے تدفین کے لیے ایران لائی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG