رسائی کے لنکس

عراق: بم دھماکوں میں 63 ہلاک


عراق: بم دھماکوں میں 63 ہلاک
عراق: بم دھماکوں میں 63 ہلاک

عراق میں حکام نے بتایا ہے کہ دارالحکومت بغداد میں ہونے والے لگ بھگ ایک درجن دھماکوں میں کم ازکم 63 افراد ہلاک اور 180 زخمی ہوگئے۔

حکام کے مطابق جمعرات کو بظاہر منظم انداز میں ہونے والے یہ بم دھماکے شہر کے ان علاقوں میں ہوئے جہاں زیادہ تر شیعہ آبادی مقیم ہے۔

یہ واقعات ایک ایسے وقت ہوئے ہیں جب ملک سے امریکی فوجوں کے انخلا کے بعد سیاسی بحران جاری ہے۔

ایک روز قبل عراق کے نائب صدر طارق الہاشمی نے خود پر لگائے گئے ان الزامات کو کہ انھوں نے کئی سرکاری عہدیداروں کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، یہ کہہ کر مسترد کردیا کہ یہ سب شیعہ حکومت کے سیاسی مقاصد کے تحت لگائے گئے۔ ہاشمی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم امریکی افواج کے انخلا کے بعد اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

وائس آف امریکہ سے انٹریو میں ہاشمی نے کہا کہ وزیراعظم نورالمالکی سکیورٹی اور انٹیلی جنس فورسز کو کنٹرول کرتے ہیں اور دوسرے منتخب عہدیداروں کو اس میں دخل اندازی کی اجازت نہیں دیتے۔ نائب صدر اپنے خلاف رواں ہفتے جاری ہونے والے وارنٹ سے بچنے کے لیے شمالی عراق کے نیم خود مختار کرد علاقے میں چلے گئے ہیں۔

سنی مسلک سے تعلق رکھنے والے ہاشمی کا کہنا ہے کہ امریکہ اپنے پیچھے عراق میں ایک جمہوری نمونہ چھوڑ کر جانے میں ناکام ہوگیا۔

XS
SM
MD
LG