رسائی کے لنکس

عراق: مختلف بم دھماکوں میں کم ازکم 60 ہلاک


شیعہ اکثریتی آبادی والے علاقے میں ایک جنازے کے قریب کار بم دھماکے میں درجنوں افراد ہلاک اور 70 سے زائد زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق ہفتہ کو صدر شہر میں ایک جنازے کے قریب کار بم دھماکا ہوا جس سے کم ازکم 50 افراد ہلاک اور 70 زخمی ہوگئے۔

یہ واقعہ شیعہ اکثریتی آبادی والے علاقے میں پیش آیا اور دھماکے کے وقت لوگوں کی ایک بڑی تعداد جنازے میں شریک تھی۔

اس سے قبل ہونے والے مختلف بم دھماکوں میں کم ازکم دس سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

دارالحکومت بغداد کے قریب بائیجی کے علاقے میں ایک خودکش بمبار نے پولیس کے صدر دفتر کے اندر گھس کر اپنے جسم سے بندھے بارودی مواد میں دھماکا کیا جس سے چھ اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

ملک کے شمال میں ایک مسلح شخص نے فائرنگ کر کے جیل کے دو محافظوں کو ہلاک کردیا جب کہ موصل کے قریب دو اہلکار سڑک میں نصب بم پھٹنے سے ہلاک ہوئے۔

ان واقعات کی ذمہ داری کسی فرد یا گروہ نے قبول نہیں۔ تاہم حالیہ مہینوں میں شیعہ اور سنی مسلک سے تعلق رکھنے والوں کی طرف سے ایک دوسرے کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
XS
SM
MD
LG