رسائی کے لنکس

عراق: شدت پسندوں کے حملوں میں 70 ہلاک


سب سے زیادہ مہلک حملے شمالی شہر موصل میں ہوئے جہاں چار کار بم دھماکوں میں سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا گیا جن میں 29 افراد ہلاک اور 80 سے زائد زخمی ہو گئے۔

عراق کے مختلف شہروں میں شدت پسندوں کے حملوں اور بم دھماکوں میں کم از کم 70 افراد ہلاک اور دو سو سے زائد زخمی ہو گئے۔

ملک میں پیر کو ہونے والے ان حملوں میں سب سے زیادہ مہلک حملے شمالی شہر موصل میں ہوئے جہاں چار کار بم دھماکوں میں سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا گیا جن میں 29 افراد ہلاک اور 80 سے زائد زخمی ہو گئے۔

اس سے قبل جدیدہ الشط کے علاقے میں سبزی اور پھلوں کی ایک مارکیٹ میں کار بم دھماکوں اور خودکش حملے میں 22 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

دارالحکومت بغداد میں وفاقی پولیس کی چوکی کے قریب بھی دو بم دھماکے ہوئے جن میں تین افراد ہلاک اور دس زخمی ہوئے جب کہ بغداد کے شمال ہی میں ایک ’کیفے‘ میں بھی بم پھٹنے سے ایک شخص ہلاک اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا، اس حملے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔

شدت پسندوں نے صوبہ کرکوک کے دو علاقوں میں بھی حملے کیے جن میں متعدد افراد ہلاک و زخمی ہوئے۔

عراق کے مختلف علاقوں میں ہونے والے کار بم دھماکوں، خودکش حملے اور فائرنگ کے ان واقعات کی کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

حالیہ مہینوں میں عراق میں تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور اپریل کے اوائل سے اب تک کے حملوں میں 2000 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
XS
SM
MD
LG