رسائی کے لنکس

فلوجہ میں داعش کے خلاف عراقی فوج کی پیش قدمی


عراقی فوج نے اتوار کو فلوجہ شہر کے جنوبی حصے کو محفوظ بنانے کے بعد بدھ کی صبح مزید پیش قدمی کی۔

عراق کے دارالحکومت بغداد کے مغرب میں داعش کے زیر قبضہ علاقے فلوجہ میں عراقی فورسز نے بدھ کو مزید پیش قدمی کی ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹیڈ پریس ’اے پی‘ نے عراق کے ایک سینیئر فوجی عہدیدار کے حوالے سے کہا ہے کہ عراقی فورسز بدھ کو فلوجہ شہر کے کافی اندر تک پہنچ گئی ہیں۔

عراقی فوج نے اتوار کو فلوجہ شہر کے جنوبی حصے کو محفوظ بنانے کے بعد بدھ کی صبح مزید پیش قدمی کی۔

فوجی کمانڈر کے مطابق توپ خانے کے استعمال اور راکٹ داغنے کے بعد دستوں کی پیش قدمی کا راستہ بنا۔

فلوجہ عراق میں داعش کے مضبوط گڑھ سمجھے جانے والے علاقوں میں سے ایک ہے۔ تقریباً دو سال قبل داعش نے اس علاقے پر قبضہ کیا تھا۔

اس شہر کا قبضہ واپس حاصل کرنے کے لیے کی جانے والی کارروائیوں کے دوران عراقی فورسز کو داعش کی طرف سے شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔

داعش کی جنگجوؤں کی طرف سے شہر میں بہت سی سرنگوں کی تعمیر، راستوں پر ماہر نشانہ بازوں کی تعیناتی اور سڑک میں نصب کیے جانے والے بموں کی وجہ سے فوجی دستوں کی شہر کی جانب پیش قدمی سست رہی۔

عراق میں اب بھی مختلف علاقوں بشمول ملک کے دوسرے بڑے شہر موصل پر داعش کا قبضہ ہے۔ فلوجہ پر قبضہ بحال کرنے کے لیے کیا جانے والا یہ آپریشن انتہائی مشکل قرار دیا جا رہا ہے۔

اس آپریشن میں عراقی فورسز کو امریکہ کی قیادت میں قائم اتحاد کی فضائی مدد بھی حاصل ہے۔

اس سے قبل یہ اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں کہ فلوجہ سے نکلنے والے شہریوں کو داعش کے جنگجو گولیوں سے نشانہ بنا رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG