رسائی کے لنکس

عراق: نائب صدر اور نائب وزیراعظم کے عہدے ختم کرنے کی تجویز


وزیراعظم حیدر العبادی (فائل فوٹو)
وزیراعظم حیدر العبادی (فائل فوٹو)

وزیر اعظم العبادی کی طرف سے یہ تجویز مجوزہ اصلاحات کے اس منصوبے میں شامل ہے جس کا مقصد ملک میں بدعنوانی کو کم کرنا اور حکومت کو کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔

عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے ملک کے نائب صدر اور نائب وزیر اعظم کے عہدوں کو ختم کرنے کی تجویز دی ہے۔

وزیر اعظم العبادی کی طرف سے یہ تجویز مجوزہ اصلاحات کے اس منصوبے میں شامل ہے جس کا مقصد ملک میں بدعنوانی کو کم کرنا اور حکومت کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔

ان تجاویز کا اعلان بدانتظامی، بجلی کی فراہمی سمیت سہولیات کی کمی کے خلاف کئی ہفتوں سے جاری احتجاج کے بعد سامنے آیا۔

اس مجوزہ منصوبے کے تحت تین نائب صدور کے عہدوں کو ختم کرنا، جس میں العبادی کے پیش رو نور المالکی بھی شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ عہدیداروں کے تعیناتی کے جماعتی اور فرقہ وارانہ کوٹے کو بھی ختم کر نے اور عہدیداروں کے لئے ذاتی محافظوں کی تعداد کم کرنےکی تجویز بھی دی گئی ہے۔

ان تجاویز پر عمل درآمد کے لئے کابینہ اور پارلیمان سے ان کی منظوری ضروری ہے۔

ملک کے معتبر ترین شیعہ عالم آیت اللہ علی السیستانی نے العبادی سے انسداد بدعنوانی کے لئے مزید اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ناقدین کا کہنا ہےکہ نورالمالکی کے دور حکومت کے دو ادوار میں فرقہ وارانہ کشیدگی میں اضافہ ہوا اور یہ سنی، کرد اور دوسری برادریوں کے مفادات کی نمائندگی کرنے میں ناکام رہی۔

اتحادیوں کی طرف سے عراق پر ایک متحدہ حکومت بنانے پر زور دیا گیا جو کئی ایک دوسرے شعبوں میں پیش رفت کے ساتھ داعش کے خلاف بہتر حکمت عملی بنا سکے۔ پارلیمان نے ستمبر میں اس پس منظر کو مدنظر رکھتے ہوئے العبادی کو وزیر اعظم منتخب کر لیا تھا۔

عراقی فوج اب بھی عسکریت پسندوں کے خلاف قابل ذکر کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے باوجود اس کے کہ گزشہ ایک سال سے امریکہ کی قیادت میں جاری مہم میں عراق میں 3,600سے زائد فضائی کارروائیاں کی جا چکی ہیں۔

XS
SM
MD
LG