رسائی کے لنکس

اسرائیل کی غزہ پر فضائی کارروائی، ماں اور بیٹی ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

غزہ میں ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ خاتون اور اس کی بیٹی فضائی حملے کا نشانہ بننے والی عمارت میں موجود تھیں۔

اسرائیل نے اتوار کی صبح غزہ کی پٹی میں ایک فضائی کارروائی کی جس میں ایک حاملہ فلسطینی خاتون اور اس کی چھوٹی بچی ہلاک ہو گئیں۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی غزہ سے ہونے والے ایک راکٹ حملے کے جواب میں کی گئی ہے جس میں حماس کے ہتھیار بنانے والی دو تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق ہفتے کو داغے گئے اس راکٹ کو اسرائیل کی آئرن ڈوم میزائل دفاعی نظام نے غزہ کے شمال میں واقع حوف عسقکلان کے علاقے کے اوپر روک لیا۔

غزہ میں ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ خاتون اور اس کی بیٹی فضائی حملے کا نشانہ بننے والی عمارت میں موجود تھیں۔

بتایا جاتا ہے کہ اس حملے میں کئی دیگر افراد بھی زخمی ہوئے۔

دوسری طرف اسرائیلی فوج نے کہا کہ اتوار کو ہی مغربی کنارے میں ایک فلسطینی خاتون نے ایک چیک پوائنٹ پر کار کے اندر بم سے دھماکا کیا جس میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا۔

تشدد کے یہ واقعات یروشلم کے پرانے شہر میں ہفتے کو چاقو کے مزید حملوں کے بعد پیش آئے۔ پہلے حملے میں ایک 16 سالہ لڑکے نے دو اسرائیلیوں کو چھرا گھونپ دیا جسے بعد میں پولیس نے ہلاک کر دیا۔ اسی دن ایک 19 سالہ لڑکے نے بھی دو پولیس اہلکاروں پر چاقو سے حملہ کیا اور اسے بھی پولیس نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

یہ حملے مشرقی یروشلم کے اس علاقے کے قریب پیش آئے جہاں مسلمانوں کے لیے قابل تعظیم الاقصیٰ مسجد اور یہودیوں کے لیے بھی اسی طرح کے قابل تعظیم ٹمپل ماؤنٹ واقع ہیں۔

XS
SM
MD
LG