رسائی کے لنکس

اسرائیل کے عید کے دن غزہ میں زمینی اور فضائی حملے، مزید 14 افراد ہلاک


فلسطینی عید الفطر کی نماز ادا کرنے 10 اپریل 2024 کو غزہ شہر کی تاریخی عمری مسجد کے صحن میں جمع ہو رہے ہیں، جسے اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری لڑائیوں کے دوران اسرائیلی بمباری میں بھاری نقصان پہنچا ہے۔ فوٹو اے ایف پی
فلسطینی عید الفطر کی نماز ادا کرنے 10 اپریل 2024 کو غزہ شہر کی تاریخی عمری مسجد کے صحن میں جمع ہو رہے ہیں، جسے اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری لڑائیوں کے دوران اسرائیلی بمباری میں بھاری نقصان پہنچا ہے۔ فوٹو اے ایف پی
  • غزہ کے پناہ گزین کیمپ النصیرات پر اسرائیلی فضائی حملے میں بچوں سمیت 14 افراد ہلاک۔
  • نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ حماس کے خاتمے اور یرغمالوں کی واپسی تک جنگ جاری رہے گی۔
  • بائیڈن کا جنگ بندی اور غزہ میں خوراک اور ادویات کی مکمل فراہمی پر زور

اسرائیل نے بدھ کے روز ایک ایسے موقع پر غزہ میں زمینی اور فضائی حملے کیے جب فلسطینی عید کا تہوار منا رہے تھے۔

چھ ماہ سے زیادہ عرصے سے جاری جنگ کے نیتجے میں غزہ زیادہ تر کھنڈرات میں تبدیل ہو چکا ہے۔ فلسطینیوں نے عید کی نماز ان کھنڈرات کے درمیان ادا کی جہاں کبھی ان کے گھر تھے اور جہاں ان کے خاندان کے افراد اور پیارے رہتے تھے، جن میں سے بہت سے اب اس دنیا سے جا چکے ہیں۔

حماس کی وزارت صحت نے بتایا کہ وسطی غزہ میں نصیرات کیمپ میں ایک گھر پر حملے میں بچوں سمیت 14 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے بدھ کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ فوج وسطی غزہ کی پٹی میں اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور گزشتہ روز کئی دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔

غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر رفح میں فلسطینی عید کے روز اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کر رہے ہیں۔ 10 اپریل 2024
غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر رفح میں فلسطینی عید کے روز اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کر رہے ہیں۔ 10 اپریل 2024

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے غزہ کی پٹی میں دہشت گردی کے درجنوں اہداف پر حملے کیے جن میں فوجی مقامات، ہتھیاروں کے ذخیرے اور زیر زمین سرنگوں میں داخلے کے راستے شامل ہیں۔

اس سے قبل وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اپنے اس عزم کو دہرا چکے ہیں کہ حماس کے خاتمے اور یرغمالوں کو اپنے گھروں میں واپس لائے بغیر وہ نہیں رکیں گے۔

نیتن یاہو نے یہ بات بھی زور دے کر کہی ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت اسرائیلی فورسز کو غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر رفح میں داخل ہونے سے نہیں روک سکتی، جہاں میڈیا رپورٹس کے مطابق اس وقت 15 لاکھ سے زیادہ بے گھر فلسطینی پناہ لیے ہوئے ہیں۔

اسرائیلی ٹینک رفح کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت انہیں رفح پر حملے سے نہیں روک سکتی۔ 10 اپریل 2024
اسرائیلی ٹینک رفح کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت انہیں رفح پر حملے سے نہیں روک سکتی۔ 10 اپریل 2024

انہوں نے یہ دھمکی ایک ایسے موقع پر دی ہے جب قاہرہ میں جنگ بندی اور یرغمالوں کی رہائی کے ایک معاہدے کے لیے امریکہ، قطر اور مصر کی ثالثی میں اسرائیل اور حماس کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔

نیتن یاہو کے سخت رویے پر امریکہ کی مایوسی بڑھ رہی ہے۔ منگل کو صدر بائیڈن نے ہسپانوی زبان کے ایک ٹیلی وژن یونی وژن پر نشر ہونے والے اپنے انٹرویو میں نیتن یاہو کے متعلق کہا ہے کہ وہ جو کچھ کر رہے ہیں، میرے خیال میں وہ ایک غلطی ہے۔ میں ان کے اس طریقے سے مطمئن نہیں ہوں۔

اپنے انٹرویو میں انہوں نے نیتن ہاہو پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی اور چھ سے آٹھ ہفتوں تک کے لیے غزہ میں تمام خوراک اور ادویات کی مکمل رسائی کی اجازت دیں۔

فلسطینی مسلمان یروشلم میں واقع الاقصیٰ میں عید کی نماز کی ادائیگی کے لیے جمع ہیں۔ 10 اپریل 2024
فلسطینی مسلمان یروشلم میں واقع الاقصیٰ میں عید کی نماز کی ادائیگی کے لیے جمع ہیں۔ 10 اپریل 2024

ایک اور خبر میں بتایا گیا ہے کہ عید کا ایک بڑا اجتماع مشرقی یروشلم میں مسجد اقصیٰ کے احاطے میں ہوا جس میں ہزاروں مسلمانوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر عید کی نماز ادا کرنے والے روان عبد نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ اب تک کی سب سے زیادہ دکھ بھری عید ہے۔ آپ لوگوں کے چہروں پر اداسی دیکھ سکتے ہیں۔

32 سالہ نوجوان کا مزید کہنا تھا کہ ہم عید کی نماز پڑھنے اور ایک دوسرے کے ساتھ مل کر اس تہوار کی خوشی منانے کے لیے الاقصیٰ میں آتے ہیں۔

الاقصیٰ اسلام کا تیسرا مقدس ترین مقام ہے۔ یہ جگہ یہودیوں کے لیے بھی بہت مقدس ہے جسے وہ ٹیمپل ماؤنٹ کہتے ہیں۔

(اس رپورٹ کے لیے معلومات اے ایف پی سے لی گئیں ہیں)

فورم

XS
SM
MD
LG