رسائی کے لنکس

ایران سے پابندیاں اٹھانے پر اسرائیل ناراض


بینجمن نیتن یاہو نے الزام عائد کیا کہ بین الاقوامی طاقتوں کے ساتھ جوہری معاہدے کے باوجود ایران نے ایٹم بم بنانے کی کوششیں ترک نہیں کی ہیں۔

اسرائیل نے جوہری معاہدے پر عمل درآمد کے عوض امریکہ اور یورپی یونین کی جانب سے ایران پر عائد اقتصادی پابندیاں اٹھانے کی مذمت کی ہے۔

اتوار کو اسرائیلی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم بینجمن نیتن یاہو نے الزام عائد کیا کہ بین الاقوامی طاقتوں کے ساتھ جوہری معاہدے کے باوجود ایران نے ایٹم بم بنانے کی کوششیں ترک نہیں کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران پر سے بین الاقوامی پابندیاں اٹھانے کے نتیجے میں اسے مشرقِ وسطیٰ کو عدم استحکام سے دوچار کرنے اور دنیا میں دہشت گردی کو فروغ دینے کے لیے مزید وسائل میسر آجائیں گے۔

اسرائیلی وزیرِاعظم نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ ایران کی جوہری تنصیبات کی کڑی نگرانی کرے اور جوہری معاہدے کی کسی بھی خلاف ورزی کا جواب سخت پابندیاں عائد کرکے دے۔

نیتن یاہو نے اپنے اس عزم کو دہرایا کہ اسرائیل اپنی سلامتی کو ایران سے لاحق خطرات کے مقابلے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔

ہفتے کو جوہری توانائی کے بین الاقوامی ادارے (آئی اے ای اے) نے اپنی رپورٹ میں تصدیق کی تھی کہ ایران جوہری معاہدے کی شرائط پوری کر رہا ہے جس کے بعد یورپی یونین اور امریکہ نے ایران پر کئی برسوں سے عائد اقتصادی پابندیاں اٹھانے کا اعلان کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG