رسائی کے لنکس

غزہ میں اسرائیلی فوج کی پیش قدمی جاری


اسرائیلی فو ج کا کہنا ہے کہ گزشتہ شام اس کا ایک فوجی زمینی حملے کے دوران ہلاک ہو گیا۔ یہ غزہ پر زمینی حملہ شروع ہونے کے بعد پہلی ہلاکت ہے۔

ٹینکوں، طیاروں اور بحری جہازوں کی مدد سے ہزاروں اسرائیلی فوجیوں کی غزہ کی طرف زمینی پیش قدمی جاری ہے۔

اسرائیل کی طرف سے خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ ایک محدود زمینی کارروائی ہو گی۔

اسرائیل کے وزیرِاعظم بینجمن نیتن یاہو نے جمعرات کو گزشتہ دس روز سے غزہ کی پٹی میں جاری فضائی بمباری کے بعد فوج کو غزہ میں زمینی حملے کا حکم دے دیا تھا۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ گزشتہ شام اس کا ایک فوجی زمینی حملے کے دوران ہلاک ہو گیا۔ یہ غزہ پر زمینی حملہ شروع ہونے کے بعد پہلی ہلاکت ہے۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے فوجی کی ہلاکت کی کوئی تفصیل نہیں بتائی گئی۔

فلسطینی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ جمعہ کو غزہ میں 11 عام شہری ہلاک ہوئے اور اسرائیل کی طرف گزشتہ 11 روز سے جاری فضائی کارروائیوں میں اب تک 260 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

امیریکی وزیر خارجہ جان کیری نے ایک بیان میں اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ " اسرائیل کو دہشت گردی کے خلاف اپنے دفاع کا حق حاصل ہے"۔ لیکن انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جیسا کہ اسرائیل کہہ چکا ہے، امریکہ کو اُمید ہے کہ یہ "آپریشن صرف سرنگوں کو نشانہ بنائے گا۔"

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے جمعرات کو کہا تھا کہ انہیں غزہ میں ''بڑھتی ہوئی کشیدگی پر بڑی تشویش'' ہے۔ انہوں نے حماس کی طرف سے اسرائیل میں راکٹوں کے حملے اور اسرائیل کی طرف سے جوابی کارروائی کو فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا۔

اسرائیل کی طرف سے 2008ء اور 2009ء میں کی جانے والی زمینی کارروائی میں تقریباً 1،400 فلسطینی اور 13 اسرائیلی ہلاک ہو ئے تھے۔

مصر نے اسرائیل اور غزہ کے درمیان لوگوں اور سامان کی نقل و حرکت کے بدلے میں جنگ بندی کی تجویز دی تھی لیکن حماس نے اس تجویز کو مسترد کر دیا تھا۔

گزشتہ ہفتہ سے اسرائیل نے فضائی کارروائیوں میں غزہ میں 2000 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جبکہ حماس نے اسرائیل کے علاقوں میں 1000 سے زائد رکٹ داغے ہیں۔

XS
SM
MD
LG