اسرائیل کے سیکیورٹی عہدے داروں نے کہاہے کہ وہ مغربی کنارے میں ایک یہودی آبادی پر حملے میں ملوث شخص کوتلاش کررہی ہے۔ اس حملے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
اسرائیلی فوج کا کہناہے کہ ایک فلسطینی نے تین بچوں اور ان کے والدین کو ہفتے کی رات تیز دھار آلے سے وار کرکے ہلاک کردیا۔ یہ خاندان نبلس کے قریب ایک یہودی آبادی میں رہ رہاتھا۔
فوج نے پورے مغربی کنارے میں سڑکوں کی ناکہ بندی کردی ہے اور وہ مشتبہ شخص کو تلاش کررہی ہیں۔
اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل اس طرح کے جرائم کو نظرانداز نہیں کرسکتا اور ان کی حکومت شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے جارحانہ انداز میں کام کرے گی۔
فلسطینی وزیر اعظم سالم فریاد نے بھی تشدد کے اس واقعہ کی مذمت کی ہے۔
امریکہ کی جانب سے بھی حملے کی مذمت کی گئی ہے۔ ہفتے کے روز وہائٹ ہاؤس کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہاگیاہےکہ کسی خاندان کو اپنے گھر میں ہلاک کرنے کی کوئی توجیح ممکن نہیں ہے اور جوکوئی بھی اس سنگ دلانہ جرم کا ذمہ دار ہے اسے لازمی طورپر انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔