رسائی کے لنکس

امریکی خاتون کو کچلنے والے اسرائیلی بلڈوزرڈرائیور کا بیان قلم بند


امریکی خاتون کو کچلنے والے اسرائیلی بلڈوزرڈرائیور کا بیان قلم بند
امریکی خاتون کو کچلنے والے اسرائیلی بلڈوزرڈرائیور کا بیان قلم بند

فلسطینیوں کی حمایت کی پاداش میں اسرائیلی بلڈوزر کی ٹکر سے سات سال قبل ہلاک ہونے والی امریکی شہری خاتون کے والدین نے اپنی بیٹی کے قاتل ڈرائیور کے خلاف جاری کیس کی کاروائی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
"انٹر نیشنل سالیڈیریٹی موومنٹ" نامی گروپ سے منسلک 24 سالہ رچل کوری 2003 میں مظاہرین کے ایک گروپ کے ہمراہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوجیوں کو فلسطینیوں کے گھر منہدم کرنے سے روکنے کیلئے انسانی دیوار بنائے کھڑی تھیں جب انہیں ایک اسرائیلی بلڈوزر نے کچل کر ہلاک کردیا تھا۔
رچل کے والدین نے اسرائیلی عدالت میں اپنی بیٹی کے قاتل بلڈوزر ڈرائیور کے خلاف ایک ڈالر کے علامتی ہرجانے کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔
جمعرات کے روز رچل کوری کو کچل کر ہلاک کرنے والے بلڈوزر کے سابق فوجی ڈرائیور نے اسرائیلی عدالت کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔ تاہم اسرائیلی حکام کی جانب سے مذکورہ ڈرائیور کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی اور عدالت میں اس کا بیان پردے کے پیچھے سے ریکارڈ کیا گیا۔
رچل کوری کے والدین کی جانب سے مذکورہ ڈرائیور سے براہِ راست جرح کی اجازت دئیے جانے کی استدعا کو بھی اسرائیل کی جانب سے رد کیا جاچکا ہے۔ اسرائیل دعویٰ کرتا ہے کہ امریکی خاتون کا قتل ، قتلِ خطا کے زمرے میں آتا ہے اور ڈرائیور نے ارادتاً انہیں کچلا تھا۔
اسرائیل کی جانب سے رچل کوری کے قتل کی ذمہ داری کسی پر عائد نہیں کی گئی۔ قتل کی تحقیقات کرنے والے اسرائیلی حکام کا کہنا تھا کہ وقوعہ کے وقت امریکی خاتون کا وجود مکانوں کے انہدام سے اٹھنے والی دھول کے پیچھے چھپا ہوا تھا جس کے باعث بلڈوزر کا ڈرائیور انہیں نہیں دیکھ پایا۔
جمعرات کے روز عدالتی کاروائی کے بعد مقتول امریکی خاتون کی والدہ سنڈی کوری نے عرب ٹیلی ویڑن "الجزیرہ" کو بتایا کہ وہ عدالت کے سامنے بیان ریکارڈ کرانے والے ڈرائیور کے چہرے کے تاثرات جاننا چاہتی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ دیکھنے کی خواہاں تھیں کہ ڈرائیورکے چہرے کے تاثرات اس وقت کیا تھے جب وہ یہ تفصیلات بیان کررہا تھا کہ کس طرح ان کی بیٹی اور اس کے ساتھی مظاہرین ایک فلسطینی کا گھر منہدم ہونے سے بچانے کیلئے اس کے بلڈوزر کے آگے انسانی دیوار بنا کر کھڑے ہوئے۔
مقتول امریکی خاتون کے والدین کا کہنا تھا کہ انہیں اسرائیل کی جانب سے یہ موقع فراہم نہ کرنے پر مایوسی ہوئی ہے۔

XS
SM
MD
LG