اسرائیل میں میڈیا نے سرکاری ذرائع سے خبر دی ہے کہ ایک اسرائیلی فوجی تاحال لاپتا اور اس کے بارے میں شبہ یہی ہے کہ وہ ہلاک ہو چکا ہے۔
منگل کو اطلاعات کے مطابق فوج کا خیال ہے کہ یہ اہلکار اتوار کو ایک بکتر بند گاڑی پر ہونے والے حملے میں دیگر چھ فوجیوں کے ساتھ ہلاک ہوا۔ گو کہ حکام نے صرف لاشوں کی تصدیق کی تھی۔
حماس نے بھی اتوار کو اعلان کیا تھا کہ اس نے جھڑپوں کے دوران ایک اسرائیلی فوجی کو پکڑا ہے۔ اس گروپ کے عسکری دھڑے کے ترجمان ابو عبیدہ کے مطابق اسرائیلی فوجی کو غزہ کی سرحد کے قریب سے پکڑا گیا تھا۔
حماس نے اس اسرائیلی اہلکار کے شناختی کارڈ اور فوج میں بھرتی کے نمبر کو ظاہر کیا تھا لیکن اس کی تصویر نہیں دکھائی۔
منگل کو اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ فوج نے مرنے والے چھ اہلکاروں کی شناخت کا عمل مکمل کر لیا اور "ساتویں فوجی کی شناخت سے متعلق کوششیں تاحال جاری ہیں۔"
اسرائیلی فوجی کی ہلاکت کی غیر مصدقہ اطلاعات سامنے آنے کے بعد فریقین میں دو ہفتوں سے زائد عرصے سے جاری لڑائی میں شدت اور فائر بندی کی کوششوں کو نقصان پہنچنے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
اب تک کی لڑائی میں 570 سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں جب کہ اسرائیل میں 27 فوجیوں سمیت ہلاکتوں کی تعداد 29 ہو چکی ہے۔