رسائی کے لنکس

اسرائیلی فضائی حملےمیں چھ افراد ہلاک


جنوبی اسرائیل میں عسکریت پسندوں کا نشانہ بننے والی بس
جنوبی اسرائیل میں عسکریت پسندوں کا نشانہ بننے والی بس

اسرائیل نے غزہ کے عسکریت پسندوں پر جنوبی اسرائیل میں سلسلے وار مہلک حملوں کا الزام عائد کرنے کے بعد جمعرات کو دیرگئے غزہ کی پٹی میں فضائی حملے کیے ۔

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نتن یاہو نے ٹیلی ویژن پر اپنی ایک تقریر میں خبردار کیا کہ اسرائیل پر جو بھی حملہ کرے گا، اسے اپنے عمل کی بہت بھاری قیمت چکانا ہوگی۔

اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل کے فضائی حملوں میں چھ افراد ہلاک ہوگئے جن میں فلسطینیوں کے ایک مسلح دھڑے، عوامی مزاحمتی کمیٹی کا ایک راہنما بھی شامل ہے۔

جمعرات کی صبح ، مسلح افراد نے سلسلے وار اور بظاہر مربوط حملوں میں جنوبی اسرائیل میں کم ازکم سات افراد کو ہلاک اور تقریباً 40 افراد کو زخمی کردیا تھا۔

اسرائیلی عہدے داروں کا کہناہے کہ مختصر دورانیے کے یہ حملے مصر کے جزیرہ نما سینائی کی سرحد کے ساتھ واقع اسرائیلی قصبے ایلات کے شمال میں کیے گئے۔

ان کا کہناہے کہ مسلح افراد نے ایک مسافر بس، ایک نجی کاڑی، ایک فوجی گشتی دستے کو نشانہ بنایا اور سیکیورٹی فورسز کے نزدیک دھماکہ خیز مواد نصب کیا۔

اسرائیلی میڈیا کی خبروں میں کہاگیا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے کھوج لگا کر سات مشتبہ حملہ آوروں کو ہلاک کردیا ہے۔

اسرائیلی وزیر دفاع ایہود باراک نے ان حملوں کو سنگین دہشت گردی کا واقعہ قرار دیا ہے۔ ایہود اور دوسری اسرائیلی عہدے داروں کا کہناہے کہ حملہ آور حماس کے زیر قبضہ غزہ کی پٹی سے آئے تھے اور وہ سینائی کے راستے اسرائیل میں داخل ہوئے۔

حماس نے اس واقعہ میں ملوث ہونے سے انکار کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG