رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش: اطالوی راہب نامعلوم افراد کے حملے میں زخمی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

یہ واقعہ دارالحکومت ڈھاکہ سے تقریباً 415 کلومیٹر دور واقع قصبے دیناج پور میں پیش آیا۔ جہاں حملہ آور راہب کو زخمی کرنے کے بعد فرار ہوگئے۔

بنگلہ دیش کے ایک شمالی قصبے میں مقیم ایک اطالوی مسیحی راہب کو موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم حملہ آوروں نے زخمی کر دیا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ ان کے سر اور گردن پر زخم آئے اور انہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے ایک اہلکار کے مطابق بدھ کو تین نامعلوم حملہ آوروں نے راہب پر اس وقت حملہ کیا جب وہ اپنے سائیکل پر سوار ہو کر ایک چرچ جارہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ حملہ آور حملے کے بعد فرار ہو گئے۔

یہ واقعہ دارالحکومت ڈھاکہ سے تقریباً 415 کلومیٹر دور واقع قصبے دیناج پور میں پیش آیا۔

یہ بنگلہ دیش میں دہشت گردی کے کئی واقعات میں سے تازہ ترین واقعہ ہے۔ اس سے قبل ہونے والے حملوں کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کی تھی۔

رواں سال بنگلہ دیش میں ہوئے مہلک حملوں میں کئی بلاگر اور دو غیر ملکی شہریوں کو ہلاک کیا گیا ہے جن میں ایک اطالوی امدادی کارکن اور جاپانی شہری شامل ہیں۔

بنگلہ دیش میں داعش کی دیگر مبینہ کارروائیوں میں گزشتہ ماہ ڈھاکہ میں نکلنے والے شیعہ جلوس پر خودکش حملہ بھی شامل ہے جس میں ایک بچہ اور ایک شخص ہلاک ہوئے جب کہ دیگر درجنوں افراد زخمی ہوئے تھے۔

خبررساں ادارے روئیٹرز نے ملک کے شمالی علاقے کے ایک اعلیٰ پولیس عہدیدار ہمایوں کبیر کے حوالے سے بتایا کہ اطالوی راہب پر حملے کا تعلق ملک کے حزب مخالف کی دو جماعتوں کے رہنماؤں کو خصوصی عدالت کی طرف سے دی جانی سزاؤں سے ہے۔

ان کے بقول اس حملے کا محرک ملک میں امن وامان کی صورت حال کو خراب کرنا ہے تاکہ حزب مخالف کے کارکنوں اور رہنماؤں کے خلاف جاری عدالتی کارروائی کو روکا جا سکے۔ دوسری طرف حزب مخالف کی جماعتیں اس الزام کو مسترد کرتی ہیں۔

XS
SM
MD
LG