رسائی کے لنکس

ترکی: ازمیر میں کار بم دھماکہ، دو افراد ہلاک


صوبائی گورنر نے ایک انٹرویو میں بتایا ہے کہ ’’جھڑپ اُس وقت ہوئی جب ہمارے پولیس افسران نے بیراکلی کورٹ ہاؤس کے سامنے والی پولیس چوکی پر ایک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی‘‘

مشتبہ کُرد شدت پسندوں نے جمعرات کو ترکی کے مغربی شہر، ازمیر کے ایک کمرہٴ عدالت کے قریب کار بم دھماکہ کیا۔ حکام کے مطابق، دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہل کار اور کمرہٴ عدالت کا ایک ملازم ہلاک ہوئے۔
صوبائی گورنر، ارول ایازدی نے براہِ راست نشر ہونے والے ایک انٹرویو میں، اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ’’جھڑپ اُس وقت ہوئی جب ہمارے پولیس افسران نے بیراکلی کورٹ ہاؤس کے سامنے والی پولیس چوکی پر ایک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی‘‘۔

اُنھوں نے بتایا کہ’’جھڑپ کے دوران، بھاگ نکلنے کی کوشش کرتے ہوئے، دہشت گردوں نے کار بم دھماکہ کیا‘‘۔

حکام نے بتایا ہے کہ پولیس مقابلے میں دو حملہ آوروں کو ٹھکانے لگایا گیا، اور اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ تیسرے حملہ آور کا پیچھا کیا جا رہا ہے۔

’وائس آف امریکہ‘ کی تُرک سروس نے بتایا ہے کہ واقعے کے مقام پر ایک گاڑی سے شعلے اٹھ رہے ہیں۔ حملے میں کم از کم 10 افراد زخمی ہوئے۔

جھڑپ کے مقام کی جانب متعدد ایمبولنس رواں ہیں، جو متاثرین کو اسپتال لے جا رہے ہیں، ایسے میں جب پولیس نے علاقے کا محاصرہ کر لیا ہے۔

XS
SM
MD
LG