رسائی کے لنکس

مصر: قید صحافی مصری شہریت سے دستبردار، رہائی کا امکان


محمد فہمی کی دورانِ حراست ایک فائل فوٹو
محمد فہمی کی دورانِ حراست ایک فائل فوٹو

مصر کی شہریت سے دستبردار ہونے کے بعد مصری حکام کی جانب سے محمد فہمی کو کینیڈا بدر کرنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

مصر میں قید عرب ٹی وی نیٹ ورک 'الجزیرہ' سے منسلک صحافی محمد فہمی مصری شہریت سے دستبردار ہوگئے ہیں جس کے بعد ان کی جلد رہائی کا امکان ہے۔

مصری نژاد کینیڈین فہمی دوہری شہریت کے حامل ہیں اور مصر کی شہریت سے دستبردار ہونے کے بعد مصری حکومت کی جانب سے انہیں کینیڈا بدر کرنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

پیر کی شب کینیڈین وزیرِ خارجہ جان بیئرڈ نے اپنے ایک بیان میں فہمی کی رہائی کا عندیہ دیا تھا جس کے بعد ان کی رہائی کے طریقۂ کار سے متعلق قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں۔

مصری حکام نے فہمی کو ان کے دو دیگر ساتھی صحافیوں سمیت سابق حکمران جماعت 'اخوان المسلمون' کی مدد کرنے کے الزام میں دسمبر 2013ء میں حراست میں لیا تھا۔ مصر کی حکومت اخوان کو کالعدم قرار دے چکی ہے۔

اس سے قبل مصری حکام نے رواں ہفتے قید صحافیوں میں سے ایک پیٹر گریسٹی کو ان کے آبائی ملک آسٹریلیا کے حوالے کردیا تھا۔

دونوں صحافیوں کو مصر کی ایک عدالت نے سات، سات سال جب کہ ان کے تیسرے ساتھی مصری شہری باحر محمد کو 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

باحر بدستور مصر کی ایک جیل میں قید ہیں اور تاحال یہ واضح نہیں کہ آیا مصری حکام انہیں بھی ان کے دیگر دونوں ساتھیوں کی طرح رہا کریں گے یا نہیں۔

تینوں صحافیوں کی گرفتاری اور بعد ازاں سزاؤں پر انسانی حقوق کی تنظیموں، مغربی ممالک اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ نے کڑی تنقید کی تھی۔

گزشتہ ماہ ایک مصری عدالتوں نے تینوں صحافیوں کے خلاف مقدمے کی کارروائی دوبارہ چلانے کا حکم دیا تھا لیکن مقدمے کے آغاز کی کوئی تاریخ مقرر نہیں کی تھی۔

قید صحافیوں کے آجر ادارے 'الجزیرہ' کا موقف رہا ہے کہ اس کے ملازمین مصر میں پیش آنے والے واقعات کی رپورٹنگ کرکے بطور صحافی اپنی ذمہ داری ادا کر رہے تھے اور انہوں نے کوئی خلافِ قانون کام نہیں کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG