رسائی کے لنکس

 جینیفر لوپیز اور بین ایفلک کی طلاق کی خبریں زیرِ گردش


  • ہالی وڈ کا معروف سلیبرٹی جوڑا 2000 کی دہائی میں 'بینیفر' کے نام سے مشہور ہوا تھا۔ بعدازاں دونوں کا بریک اپ ہو گیا تھا۔
  • جینیفر لوپیز اور بین ایفلک نے تقریباً دو دہائیوں بعد اپریل 2022 میں اپنی منگنی کا اعلان کیا جس کے بعد جولائی 2022 انہوں نے لاس ویگس میں شادی کی تھی۔
  • جینیفر لوپیز کی یہ چوتھی جب کہ بین ایفلک کی دوسری شادی تھی۔
  • بین ایفلک نے سن 2005 میں اداکارہ جینیفر گارنر سے شادی کی تھی جن سے ان کے تین بچے ہیں۔

ویب ڈیسک _ امریکی گلوکارہ جینیفر لوپیز اور اداکار بین ایفلک کی طلاق کی خبریں زیرِ گردش ہیں۔ معروف امریکی جریدے 'ورائٹی' اور سلیبرٹیز سے متعلق خبریں دینے والی ویب سائٹ 'ٹی ایم زی' نے رپورٹ کیا ہے کہ جینیفر لوپیز نے منگل کو لاس اینجلس کی ایک عدالت میں طلاق کے پیپرز جمع کرا دیے ہیں۔

ہالی وڈ کا معروف سلیبرٹی جوڑا 2000 کی دہائی میں 'بینیفر' کے نام سے مشہور ہوا تھا۔ بعدازاں دونوں کا بریک اپ ہو گیا تھا۔ جینیفر لوپیز اور بین ایفلک نے تقریباً دو دہائیوں بعد 2022 میں شادی کا اعلان کیا تھا۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق طلاق کی خبر سے متعلق جب جینیفر لوپیز کے ترجمان سے رابطہ کیا تو انہوں نے جواب دینے سے انکار کر دیا جب کہ بین ایفلک کے ترجمان نے بھی اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

یاد رہے کہ 55 سالہ جینیفر لوپیز کی اداکار و ہدایت کار بین ایفلک کے ساتھ یہ چوتھی شادی تھی۔ دونوں پہلی مرتبہ سن 2002 میں فلم 'گگلی' کے سیٹ پر ملے تھے۔

دونوں اپنے تعلقات کی وجہ سے ماضی میں خبروں کی زینت بنے رہے۔ جوڑے نے سن 2003 میں اپنی طے شدہ شادی منسوخ کر دی تھی اور بعد میں اعلان کیا تھا کہ دونوں نے راہیں جدا کر لی ہیں۔

سال 2021 میں یہ جوڑا ایک بار پھر خبروں کی زینت بنا اور دونوں ایک ساتھ کئی بار نظر آئے۔

جینیفر اور بین نے اپریل 2022 میں اپنی منگنی کا اعلان کیا جس کے بعد جولائی 2022 میں انہوں نے لاس ویگس میں شادی کی۔

جینیفر نے اس سے قبل 22 فروری 1997 کو اداکار اوجنی نوا سے شادی کی تھی جو کہ ایک برس سے کم عرصے میں ہی ختم ہو گئی تھی اور جوڑے نے جنوری 1998 میں علیحدگی اختیار کر لی تھی۔

اس کے بعد انہوں نے سن 2001 میں امریکی اداکار کرس جَڈ سے دوسری شادی کی۔ یہ شادی بھی زیادہ عرصے نہ رہ سکی اور جوڑے نے 2003 میں الگ ہونے کا فیصلہ کیا۔

جینیفر نے 2004 میں گلوکار و اداکار مارک اینتھونی سے تیسری شادی کی جن سے ان کے جڑواں بچے بھی ہیں۔

جینیفر اور گلوکار مارک اینتھونی نے 2014 میں ایک دوسرے سے راہیں جدا کرلی تھیں۔

سن 2019 میں جینیفر نے سابق بیس بال کھلاڑی ایلکس روڈزیگر سے منگنی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد 2021 میں دونوں نے منگنی ختم کر دی تھی۔

دوسری جانب بین ایفلک نے سن 2005 میں اداکارہ جینیفر گارنر سے شادی کی تھی جن سے ان کے تین بچے ہیں۔ دونوں نے 2018 میں علیحدگی اختیار کی تھی۔

(اس خبر میں شامل بعض معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' اور اے ایف پی' سے لی گئی ہیں۔)

فورم

XS
SM
MD
LG