اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ ایک فلسطینی شخص نے یروشلم کے پرانے شہر میں دو اسرائیلی شہریوں کو چاقو سے حملہ کر کے ہلاک اور ایک خاتون اور بچے کو شدید زخمی کر دیا۔
پولیس کے مطابق بعد میں موقع پر موجود ایک پولیس اہلکار نے حملہ آور کو ہلاک کر دیا۔
یروشلم کی پولیس کے سربراہ موشے ایدری نے کہا کہ فلسطینی شخص نے الاقصیٰ مسجد کے قریب ایک گلی میں ایک اسرائیلی مرد اس کی اہلیہ اور بچے پر کئی بار چاقو کے وار کیے جس کے بعد اس نے ایک دوسرے شخص پر بھی چاقو سے حملہ کیا۔ دونوں اسرائیلی مرد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گئے۔
ماں اور اس کے بچے کو ہفتے کو دیر گئے اسپتال میں منتقل کر دیا گیا تھا اور بتایا جاتا ہے کہ خاتون شدید جبکہ بچہ معمولی زخمی ہے۔
پولیس کی ترجمان نے حملہ آور کی عمر 19 سال اور اس کا تعلق مغربی کنارے سے بتایا ہے، جس نے ایک شخص سے چھینی گئی بندوق سے پولیس اور قریب میں موجود دیگر افراد پر فائرنگ شروع کر دی جس کے بعد پولیس نے اسے ہلاک کر دیا۔
فلسطینی عسکریت پسند گروپ اسلامک جہاد نے کہا کہ حملہ آور ان کی تنظیم کا رکن تھا۔
اس واقعہ سے دو روز قبل مغربی کنارے میں ایک اسرائیلی جوڑے اور اس کے چار بچوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔
اسرائیل نے 1967ء میں اردن کے ساتھ ہونے والی جنگ کے دوران مغربی کنارے سمیت اس علاقے پر قبضہ کر لیا تھا۔ فلسطینیوں کا دعویٰ ہے کہ یہ علاقہ ان کا ہے۔