سابق امریکی صدر جِمی کارٹر، جنھیں امریکہ کے کلیولینڈ کے وسط مغربی شہرکے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، پُر سکون ہیں اور آرام فرما رہے ہیں۔
ریاست جارجیا کے شہر ایٹلانٹا میں واقع کارٹر سینٹر کے ایک بیان میں کہا ہے کہ منگل کو طیارے کے ذریعے کلیو لینڈ سفرکے دوران سابق صدر کو پیٹ میں تکلیف محسوس ہوئی۔
کلیولینڈ ہاپکنز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی ایک خاتون ترجمان نے بتایا کہ ہوائی اڈے پر بچاؤ کا عملہ پہلے ہی موجود تھا جومسٹر کارٹر کے طیارے کی آمد کے فوری بعد اُنھیں اسپتال لے گیا۔
سابق صدراپنی نئی کتاب ‘وائٹ ہاؤس ڈائری’ کی افتتاحی رسم کے سلسلے میں کلیولینڈ آئے ہوئے تھے۔ کارٹر سینٹر کا کہنا ہے کہ توقع ہے وہ اپنی کتاب کی رونمائی کے لیےاِسی ہفتے بعد میں اپنا سفر دوبارہ شروع کریں گے۔
مسٹر کارٹر کی عمر 85برس ہے اوروہ 1977ء سے 1981ء تک امریکہ کے صدر رہ چکے ہیں۔
امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ وہ مسٹر کارٹر کی خیریت دریافت کرنے کے لیے اُنھیں فون کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔