ہالی وڈ کے میگا اسٹار جونی ڈیپ ایک بار پھر خبروں میں ہیں، لیکن اس مرتبہ کسی بلاک بسٹر فلم کے حوالے سے نہیں بلکہ کچھ منفی انداز میں۔
امریکی میگزین ’فوربز‘ نے جونی ڈیپ کو غیر معمولی معاوضے کے عوض معمولی کارکردگی دکھانے والے اداکاروں کی فہرست میں نمبر ون قرار دیا ہے۔
فوربز کی’اوور پیڈ‘ اداکاروں کی لسٹ کے مطابق سال 2015ء میں جونی ڈیپ کی دو فلمیں ’مورڈیکائے‘ اور ’ٹرانس سین ڈینس‘ نمائش کے لئے پیش کی گئیں اور دونوں ہی باکس آفس پر ناکامی سے دوچار ہوئیں۔جونی ڈیپ کو ادا کئے جانے والے ہر ایک ڈالر کے بدلے میں جونی اپنی فلم کے ذریعے صرف 1اعشاریہ20 ڈالر ہی کما کر دے سکے۔
گذشتہ دوسالوں سے ایڈم سینڈلر اوورپیڈ اداکاروں میں سرفہرست تھے جبکہ سال 2014 میں جونی ڈیپ کا نمبر دوسرا تھا۔
فلمی پنڈتوں کو توقع ہے کہ جونی ڈیپ اپنی آنے والی فلموں ’ایلس تھرو دی لکنگ گلاس‘ اور ’پائرٹس آف دی کیریبین‘، ’ڈیڈ مین ٹیل نو ٹیلز‘ کے ذریعے سب سے زیادہ ’اوورپیڈ‘ کا داغ مٹانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
ڈینزل واشنگٹن اوورپیڈ اداکاروں میں دوسری پوزیشن پر ہیں۔
غیرمعمولی معاوضے کے عوض باکس آفس پر معمولی کارکردگی دکھانے والوں کی ٹاپ فائیو لسٹ میں ول فیرل تیسرے، لیام نیسن چوتھے اور ول اسمتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔