امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے پیرس میں دہشت گرد حملوں کے بعد فرانس کا دورہ کیا ہے اور صدر فرانسواں اولاں سے ملاقات میں داعش کی بڑھتی کارروائیوں کا مقابلہ کرنے کے فریقوں پر تبادلہٴ خیال کیا ہے۔
جان کیری کہتے ہیں کہ امریکہ اور مغربی ملکوں کے اتحاد کی طرف سے داعش کے خلاف کی جانے والی کوششوں میں اضافے سے دہشت گرد گروپ پر دباؤ بڑھ جائے گا۔
داعش کی دہشت گردی اور پیرس پر حالیہ حملوں کے تناظر میں اردو سروس کے پروگرام ’جہاں رنگ‘ میں تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتیں یہ دیکھ چکی ہیں کہ انتہاپسند گروپوں کے خلاف لڑائی اور فضائی حملوں کا مؤثر نتیجہ نہیں نکلا، اس لیے اب وقت آگیا ہے جب اُن لوگوں کے دل و دماغ جیتنے کی کوشش کی جائے جو مروجہ نظامِ حکومت اور پالیسیوں کے نتیجے میں مایوسی کا شکار ہوئے ہیں اور القاعدہ اور داعش جیسے انتہا پسند اور گمراہ کُن نظریات کے حامل گروہوں کے ساتھ شامل ہوگئے ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اب بڑی طاقتوں کو چاہیئے کہ کمزور حکومتوں کو مضبوط کرنے میں ہاتھ بٹائیں، تاکہ نان اسٹیٹ ایکٹرز علاقوں پر قبضہ نہ کر سکیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، مشرق وسطیٰ میں معرض وجود میں آنے والا دہشت گرد گروپ داعش اُن مطلق العنان حکمرانوں کے طرفِ حکمرانی اور نظام کا نتیجہ ہے جہاں ایک عام شخص خود کو عزتِ نفسی اور احترام انسانی سے محروم سمجھتا ہے اور ایسے انتہا پسند گروپ اپنے وسائل کا سہارا لے کر نوجوان ذہنوں کو با آسانی گمراہ کرتے ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، حکومتوں، سول سوسائٹی اور عام لوگوں کو مل کر دہشت گردی کے اس عفریت کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے، جس نے ہماری دنیا کے امن اور استحکام کو تباہ کردیا ہے۔
تفصیل کے لیے وڈیو رپورٹ پر کلک کیجئیے: