رسائی کے لنکس

’کپور خاندان کو پشاور کی حویلی سے کوئی لگاوٴ نہیں‘: رشی


’ہمارا خاندان تقسیم سے پہلے ہی بھارت آگیا تھا۔ ہم تینوں بھائیوں نے حویلی دیکھی نہ کبھی اس میں رہے۔ ایسے میں ہماری اس سے کیا جذباتی وابستگی ہوسکتی ہے۔ پھر جب ہمیں اس کے گرانے پر مسئلہ نہیں تو دوسرے کیوں اسے مسئلہ بنا رہے ہیں‘

خیبر پختونخوا کے شہر پشاور میں واقع بھارتی مایہ ناز فلمی ستارے، راج کپور کی حویلی کو مسمار کئے جانے سے متعلق خبریں ان دنوں پاکستانی میڈیا میں خاصی گرم ہیں اور یہ واقع تواتر کے ساتھ ایک کے بعد ایک پہلو سامنے آ رہا ہے۔

اس حوالے سے راج کپور کے بیٹے رشی کپور کا تازہ ترین وہ بیان ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ’کپور خاندان کو پشاور کی حویلی سے کوئی جذباتی لگاوٴ نہیں اس لئے پاکستانی حکومت اگر اسے منہدم کرنا چاہتی ہے تو کردے ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔‘

پاکستانی میڈیا کے ساتھ ساتھ بھارتی اخبارات مثلاً ’ہندوستان ٹائمز‘، ’دی ہندو‘ اور دیگر میڈیا میں راج کپور کی حویلی کی جزوی توڑ پھوڑ کے حوالے سے خبریں شائع ہوئی ہیں جنہیں سن کر رشی کپور نے یہ بیان دیا ہے۔

رشی کپور کا یہ بھی کہنا ہے کہ’ہمارا خاندان تقسیم سے پہلے ہی بھارت آگیا تھا۔ ہم تینوں بھائیوں نے حویلی دیکھی نہ کبھی اس میں رہے۔ ایسے میں ہماری اس سے کیا جذباتی وابستگی ہوسکتی ہے۔ پھر جب ہمیں اس کے گرانے پر مسئلہ نہیں تو دوسرے کیوں اسے مسئلہ بنا رہے ہیں۔ مجھے یہ بھی معلوم نہیں کہ عمارت راج کپور کی ذاتی ملکیت تھی یا کرائے کی، کیونکہ اس زمانے میں ان کے پاس مکان خریدنے کے پیسے نہیں تھے۔‘

پشاور کے علاقے ڈھکی منور شاہ میں واقع راج کپور کی حویلی سے چار افراد کو حویلی میں توڑ پھوڑ کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، جنہیں پیر کو عدالت میں پیش کیا گیا اور پھر ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ چاروں افراد حویلی کی ملکیت کے دعویدار ہیں۔

راج کپور کی حویلی کئی کمروں پر مشتمل ہے۔حویلی کے اندر نصب پتھر پر درج تفصیلات کے مطابق حویلی1918میں راج کپور کے پردادا، یعنی پرتھوی راج کپور کے والد دیوان بشیشور ناتھ کپور نے تعمیر کروائی تھی، جبکہ خیبر پختونخوا حکومت نے راج کپور اور دلیپ کمار کے مکانوں کو ثقافتی ورثہ کا حصہ قرار دیتے ہوئے انہیں محفوظ بنانے کا اعلان کیا تھا۔

آرکیالوجی ڈائریکٹوریٹ کے حکام نے عمارت کو توڑ پھوڑ سے بچانے کی کوشش کی لیکن اس وقت تک چار منزلہ عمارت کا ٹاپ فلور گرایا جا چکا تھا۔ حکام نے خان رزاق پولیس اسٹیشن میں توڑ پھوڑ کرنے والے افراد کے خلاف تحریری درخواست بھی دی تھی۔

حکام کا کہنا ہے راج کپور کی حویلی کے دعویدار نے دعویٰ کیا ہے کہ اسے میونسپل حکام کی جانب سے عمارت گرانے کا نوٹس ملا تھا، کیونکہ عمارت مخدوش ہوچکی ہے اس لئے اس نے عمارت گرانے کی کارروائی شروع کی۔

آرکیالوجی ڈائریکٹوریٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کے حکام کے مطابق عمارت کا ڈھانچہ مضبوط ہے۔ اسے اصل شکل میں بحال کیا جا سکتا ہے جس کے لئے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔

XS
SM
MD
LG