رسائی کے لنکس

کراچی: میڈیا کارکنوں کی ہلاکت سے سکیورٹی پر سوالیہ نشان


​​ابتدائی تفتیش کے بعد پولیس حکام نے امکان ظاہر کیا ہے کہ جن ہتھیاروں سے میڈیا ورکرز کا قتل ہوا ہے۔ انہی سے کچھ روز پہلے شہر میں چار ٹریفک پولیس اہلکاروں کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔

کراچی میں منگل کو رات گئے اور بدھ کی دوپہر ہونے والی ٹارگٹ کلنگ نے ایک مرتبہ پھر شہر کے سیکورٹی انتظامات پر کئی سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔

24گھنٹوں سے بھی کم وقت میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ کے نتیجے میں ایک سینئر صحافی، ایک میڈیا ورکر اور دو بھائی ہلاک ہوئے۔ یہ دونوں بھائی ایک دینی جماعت، اہلسنت والجماعت کے سرگرم کارکن بتائے جاتے ہیں۔

منگل کی رات جیو ٹی وی کی ڈی ایس این جی وین پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے سٹیلائٹ انجینئر ارشد جعفری کی ابھی تدفین بھی نہیں ہوئی تھی کہ بدھ کی دوپہر نارتھ کراچی کے سیکٹر الیون سی میں ایک مرتبہ پھر نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کرکے سینئر صحافی آفتاب عالم کو ہلاک کردیا، جبکہ ایک دوسرے واقعے میں نیوکراچی کے علاقے میں دو بھائیوں کو بھی فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا۔

آفتاب عالم
آفتاب عالم

اعلیٰ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آفتاب عالم دوپہر کے وقت کہیں جانے کے لئے گھر سے باہر نکلے ہی تھے کہ نامعلوم افراد نے انہیں فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ حملہ آوروں کی تعداد دو بتائی جارہی ہے جو ایک ہی موٹر سائیکل پر سوار تھے۔آفتاب عالم کو اسپتال پہنچایا گیا۔ لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔

میڈیا ورکرز کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف بدھ کو کراچی پریس کلب میں صحافتی تنظیموں کی جانب سے سخت احتجاج بھی کیا گیا، جبکہ رینجرز کو بھی فوری نوٹس لینا پڑا۔

رینجرز نے ہلاکتوں کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کے لئے کاروائی کا اعلان کیا ہے۔ رینجرز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

ارشد جعفری
ارشد جعفری

ابتدائی تفتیش کے بعد پولیس حکام نے امکان ظاہر کیا ہے کہ جن ہتھیاروں سے میڈیا ورکرز کا قتل ہوا ہے انہی سے کچھ روز پہلے شہر میں چار ٹریفک پولیس اہلکاروں کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ کارروائیاں کسی ایک گروپ کی معلوم ہوتی ہیں تاہم اس پر تفصیلی تفتیش جاری ہے۔

پولیس نیو کراچی میں مارے جانے والے دو افراد کی موت کو بھی انہی واقعات کے تناظر میں دیکھ رہی ہے۔ ایس ایس پی سینٹرل مقدس حیدر کے مطابق آفتاب عالم اور نیوکراچی فائرنگ میں ایک ہی گروپ ملوث ہے کیوں کہ دونوں واقعات کے ملزمان کے حلیے بھی ایک جیسے تھے جبکہ عینی شاہدین کے مطابق دونوں واقعات میں نئی موٹرسائیکلیں استعمال کی گئی ہیں۔

ادھر ترجمان اہلسنت والجماعت کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ دونوں بھائی ان کی جماعت کے کارکن تھے۔

XS
SM
MD
LG