کراچی کے ساحل سی ویو، کلفٹن پر پچاس فٹ لمبی مردہ وہیل مچھلی کی موجودگی شہرکے سینکڑوں لوگوں کے لئے دلچسپی کا باعث بن گئی ہے۔ یہ مچھلی گزشتہ روز اچانک ساحل پر آگئی تھی جسے دیکھنے کے لئے لوگوں کی لائنیں لگ گئیں۔بچے ، نوجوان، ادھیڑ عمر ، خواتین غرض سے ہر عمر کے لوگوں نے 50 فٹ لمبی اور 15فٹ چوڑی مچھلی دیکھنے کے لئے کراچی کے دور دراز علاقوں سے کلفٹن تک کا سفرطے کیا۔ ان کی خوشی دیدنی تھی۔
لیاری سے آئی ہوئی ایک بوڑھی خاتون نے وائس آف امریکہ سے بات چیت کے دوران بتایا کہ اس کے گھر والوں کی تو جیسے پکنک ہوگئی ہے۔ انہوں نے منگل کی شام کو ٹی وی پر اس مچھلی کے بارے میں سنا تھا جس کے بعد ان کے پوتہ پوتی نے مچھلی دیکھنے اور کراچی کے ساحل پر آکر پکنک منانے کی ٹھان لی۔بچوں کی ضد پر اماں وسائی انہیں ساحل پر لے آئی۔"
وسائی کے ساتھ آئے ہوئے بچوں کا کہنا تھا کہ انہوں نے اتنی بڑی مچھلی پہلے کبھی نہیں دیکھی۔ بچوں کا کہنا تھا کہ انہوں نے مچھلی کی تصویر اتارنے کے لئے خصوصی طور پر کسی سے کیمرے والا موبائل ایک دن کے لئے ادھار لیا ہے۔ وہ گھر جاکر باقی لوگوں کو مچھلی کی تصویریں دکھائیں گے"
بدھ کی شام تک مچھلی کے ساحل پر موجودگی کے سبب ساحل پر تعفن پھیلا ہوا تھا مگر اس کے باوجود لوگوں کی ایک بڑی تعداد سی ویوپہنچ گئی۔ لوگ سارا دن ہی مچھلی کے ساتھ تصاویر کھنچواتے رہے۔
دوسری جانب انتظامیہ یامتعلقہ اداروں نے مچھلی کی نسل اوراس کے مردہ وجود کوکارآمدبنانے کیلئے ساحل کا رخ نہیں کیا البتہ سی ویوکنٹریکٹرکے ملازمین نے مچھلی کودفن کرنے کے لئے ٹریکٹر کی مدد سے اسے کھینچنے کی کوشش کی،تاہم دہیوہیکل مچھلی کو کھینچنے میں ناکامی کے بعد ٹریکٹر کی مدد سے ہی مچھلی کے ٹکڑے کر دئیے گئے لیکن اس کے باوجود مچھلی کو اٹھایا نہیں جاسکا۔