رسائی کے لنکس

کراچی: ان کیمرہ بریفنگ میں شہر کے حالات کا جائزہ لیا جائے گا


یپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی غلام محمد اسران اور ایم کیو ایم کے سید خالد احمد نے مشترکہ قرارداد میں مطالبہ کیا تھا کہ کراچی میں امن و امان کی سنگین صورتحال پر آئی جی پولیس سندھ اسمبلی کو ان کیمرہ بریفنگ دیں۔

آئی جی سندھ فیاض لغاری کراچی میں امن و امان کی پیچیدہ صورتحال پر جمعرات کو سندھ اسمبلی میں ان کیمرہ بریفنگ دیں گے۔ اراکین ِ اسمبلی بریفنگ سے متعلق کوئی بات میڈیا کو آگاہ نہ کرنے کے پابند ہونگے۔

پیر کے روز پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی غلام محمد اسران اور ایم کیو ایم کے سید خالد احمد نے مشترکہ قرارداد میں مطالبہ کیا تھا کہ کراچی میں امن و امان کی سنگین صورتحال پر آئی جی سندھ اسمبلی کو ان کیمرہ بریفنگ دیں۔ قرارداد کے محرک غلام محمد اسران کا کہنا تھا کہ شہر میں بڑے پیمانے پر قتل و غارت گری جاری ہے اور ہمیں معلوم ہی نہیں کہ انتظامیہ اس سلسلے میں کیا کر رہی ہے۔

ترجمان سندھ اسمبلی نے بدھ کو جاری بیان میں کہا ہے کہ آئی جی سندھ جمعرات کو امن و امان سے متعلق ایوان کو ان کیمرہ بریفنگ دینگے۔ اسپیکر اسمبلی نثار کھوڑو نے بریفنگ کے دوران تمام غیر متعلقہ افراد اور میڈیا کے نمائندوں کے گیلری میں بیٹھنے پرپابندی عائد کی ہے۔ اراکین اسمبلی ان کیمرہ بریفنگ سیشن سے متعلق میڈیا کو آگاہ نہ کرنے کے پابند ہونگے اور ان کیمرہ سیشن کی کارروائی اسمبلی کے کسی بھی دفتر میں نہیں دکھائی جاسکے گی۔

یاد رہے کہ کراچی میں قیام ِامن صوبائی حکومت کیلئے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ بدھ کو بھی شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے آٹھ افراد لقمہ ِاجل بن گئے جبکہ رواں ماہ کے ابتدائی تیرہ دنوں کا جائزہ لیا جائے تو ہلاکتوں کی تعداد 76 بنتی ہے۔ یعنی ہر روز پانچ سے سات لوگ مارے جا رہے ہیں جن میں تاجروں کے علاوہ وکلاء، ڈاکٹرز، مذہبی رہنما، سیاسی کارکنان اور پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی بھتہ خوری، اغواء برائے تاوان کی وارداتیں بھی عروج پر ہیں۔

شہر کی سب سے بڑی سیاسی جماعت متحدہ قومی موومنٹ بھی موجودہ صورتحال کو انتہائی سنگین قرار دے رہی ہے ۔ دو روز پہلے ایک بیان میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا تھاکہ کراچی کے بعض علاقیں وزیرستان بن چکے ہیں۔
XS
SM
MD
LG