رسائی کے لنکس

کراچی نے اسلام آباد کو ہرا کر 'پلے آف' کیلئے کوالیفائی کرلیا


اس میچ کے ساتھ ہی، پلے آف مرحلے کیلئے ٹیموں کی لائن اپ بھی مکمل ہوگئی ہے، پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی پہلے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دوسرے، کراچی کنگز تیسرے اور اسلام آباد یونائیٹڈ چوتھے نمبر ہے

پاکستان سپر لیگ سیزن ٹو کے اہم ترین میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6وکٹوں سے شکست دے کر پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ کراچی کنگز کی فتح کے ساتھ ہی لاہور قلندرز کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان کمارسنگا کارا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بارش کے باعث میچ ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا جس کی وجہ سے دونوں ٹیموں کی اننگز 15 ،15 اوورزتک محدود کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیموں کی اننگز کے دوران اسٹرٹیجک ٹائم آؤٹ بھی ختم کردیئے گئے تھے۔ کراچی کنگز نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی اور جے وردھنے کی جگہ کرس گیل کوٹیم میں شامل کیا گیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ڈیوین اسمتھ اور بین ڈکٹ نے اننگز شروع کی اور 37 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ اس موقع پر بین ڈکٹ 16 رنز کی اننگز کھیل کر اسمتھ کا ساتھ چھوڑ گئے، دوسری وکٹ کیلئے بھی کراچی کنگز کو زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور طلعت حسین 11 کے اسکور پر رن آؤٹ ہوگئے، واٹسن صرف 2 رنز بناسکے۔

اسمتھ اور ہیڈن نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 40 رنز کا اضافہ کیا، ہیڈن 12 گیندوں پر 20 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر عثمان خان کی گیند پر پولارڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، اگلی ہی گیند پراسمتھ بھی 49 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، انہیں بھی باؤنڈری لائن پر پولارڈ نے کیچ آؤٹ کیا۔ پولارڈ نے اس میچ میں چار شاندار کیچ پکڑے۔ شاداب خان نے 9 اور مصباح الحق نے 12 رنز بنائے۔اس طرح اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 15 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر123 رنز بنائے۔

کراچی کنگز کی طرف سے محمد عامر، سہیل خان اورعثمان خان نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی جانب سے کرس گیل اور بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا، کرس گیل پی ایس ایل سیزن ٹو میں آج پہلی بار اپنے رنگ میں نظرآئے اور صرف 17 گیندوں پر5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے دھواں دار 44 رنز بنائے، جس میں سعید اجمل کے ایک اوور میں لگاتار تین چھکے بھی شامل ہیں۔

شاداب خان نے نویں اوور میں کپتان سنگاکار کو 10 رنز پر اور پھر گیارہویں اوور کی آخری دو گیندوں پر شعیب ملک کو7 رنز اور بابر اعظم کو 27 رنز پرکلین بولڈ کرکے میچ میں سنسنی پیدا کردی لیکن پولارڈ اور بوپارا نے مزید کوئی وکٹ گنوائے 14 اعشاریہ 5 اوورز میں127 رنز بناکر ٹیم کو فتح سے ہمکنا کردیا۔ پولارڈ 20 اور روی بوپارا 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب شاداب خان نے 3 اور سعید اجمل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

کراچی کنگز کے کرس گیل کو دھواں دار بیٹنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اس میچ کے ساتھ ہی پلے آف مرحلے کیلئے ٹیموں کی لائن اپ بھی مکمل ہوگئی ہے، پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی پہلے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دوسرے، کراچی کنگز تیسرے اور اسلام آباد یونائیٹڈ چوتھے نمبر ہے۔

28 فروری کو پہلے پلے آف میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی جبکہ دوسرا پلے آف اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان یکم مارچ کو ہوگا۔

XS
SM
MD
LG