پاکستان کے دوشہروں کراچی اور لاہور میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ کراچی میں ہفتہ کے روز ڈینگی کے 12 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 247 ہوگئی ہے۔ ڈینگی سرویلنس سیل کی جانب سے ہفتہ کو جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق کراچی میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ڈینگی وائرس کے باعث تین افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
ادھر لاہور میں ڈینگی وباء کی شکل اختیار کرگیا ہے ۔ ہفتے کو ڈینگی کے مزید 9مریض ہلاک ہوگئے۔لاہور میں ڈینگی بخار میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافے کی وجہ سے اسپتالوں کی انتظامیہ صرف ایسے مریضوں کو داخل کررہی ہے جن کی حالت تشویشناک ہوتی ہے، جبکہ دیگر مریضوں کو صرف دوا دے کر گھر واپس بھیجا جا رہا ہے۔
محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق شہر میں ڈینگی مریضوں کی تعداد 5 ہزار سے بڑھ گئی ہے جبکہ اب تک 25 کے قریب افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
دوسری جانب ڈینگی کے مریضوں کو علاج کی بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے اسپتالوں میں خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں لیکن ڈینگی کے مریضوں میں مسلسل اضافہ کے باعث اسپتالوں میں علاج کے لیے کئے جانیوالے اقدامات کم پڑتے نظر آرہے ہیں۔
ڈینگی مریض اب اس بات کا گلہ کر رہے ہیں کہ مرض کی تصدیق ہونے کے باوجود ڈاکٹر انہیں داخل کرنے کی بجائے دوا کی پرچی دے کرگھر بھیج دیتے ہیں۔
اس سلسلے میں ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ حکومت کی ہدایت پر اضافی اقدامات کئے گئے ہیں اور زیادہ سے زیادہ ڈینگی کے مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ جس تیز رفتاری سے ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اس کے مقابلے میں اسپتالوں کے حالیہ اقدامات ناکافی دکھائی دے رہے ہیں، اور صورت حال پر قابو پانے اور اس میں بہتری لانے کے لیے حکومت کو ہنگامی بنیادوں پر مزید اقدامات کرنے ہوں گے۔
کراچی میں ہفتہ کے روز ڈینگی کے 12 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 247 ہوگئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
مقبول ترین
1