رسائی کے لنکس

کراچی میں دھرنوں سے نظام زندگی متاثر


کراچی میں کوئٹہ ہلاکتوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
کراچی میں کوئٹہ ہلاکتوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

احتجاجی دھرنوں اور گزشتہ روز ہونےوالے دھماکے اور فائرنگ کے باعث شہر کے تمام نجی تعلیمی ادارے منگل کے روزبھی بند رہے۔

کراچی میں سانحہ کوئٹہ کے خلاف منگل کو احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر رہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں شیعہ علما کونسل اور مجلس وحدت المسلیمین کی اپیل پرشہر کی مرکزی شاہراہ نمائش چورنگی ، تبت سینٹر، انچولی ، شاہراہ فیصل، عائشہ منزل نارتھ ناظم آباد،یونیورسٹی روڈ سمیت دیگر علاقوں میں مظاہرین گزشتہ تین روز سے دھرنا دے رکھا تھا۔

کراچی میں جاری احتجاجی دھرنوں اور گزشتہ روز ہونےوالے دھماکے اور فائرنگ کے باعث شہر کے تمام نجی تعلیمی ادارے منگل کے روزبھی بند رہے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں اجتجاج کے دوران شہر کی بڑی شاہراہوں کو بند کردیا گیا تھا اور ان پر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔ شہر کی اہم شاہراہ ایم اے جناح روڈ، شاہراہ فیصل، ایئرپورٹ جانےوالے راستوں سمیت شہر کی دیگر شاہراہیں 3 روز سے بند ہیں جس کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہورہی ہے جبکہ دفاتر پہنچنےوالے افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

ملک کے سب سے بڑے شہر میں گزشتہ روز ریلوے لائن پر دھرنے کے باعث اندرون ملک سے آنیوالی تمام ٹرینوں کی روانگی منسوخ کردی گئی۔ ریلوے حکام کے مطابق ریلوے لائن پر دھرناختم ہونے تک ٹرین سروس بحال نہیں کی جاسکتی جس کے باعث ہزاروں مسافروں کو سفری مشکلات درپیش ہیں۔

کراچی میں احتجاجی دھرنوں سے فضائی سفر بھی متاثر ہوا۔ قومی فضائی کمپنی ’پی آئی اے‘ سمیت دیگر نجی پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں۔ شہر کے ایئرپورٹ جانے والے تمام راستے بند ہونے کی وجہ سے مسافر ایئررپورٹ نہیں پہنچ سکے اور نہ ہی بیرون ممالک سے آنیوالی فلائیٹس کے مسافر شہر میں داخل نہیں ہوسکے۔ جس کے باعث کراچی ایئرپورٹ پر اترنےوالی تمام فلائیٹس منسوخ کردی گئیں۔
XS
SM
MD
LG