رسائی کے لنکس

کراچی میں پر تشدد واقعات جاری، 5 افراد ہلاک ، متعدد زخمی


کراچی میں پر تشدد واقعات جاری، 5 افراد ہلاک ، متعدد زخمی
کراچی میں پر تشدد واقعات جاری، 5 افراد ہلاک ، متعدد زخمی

کراچی میں پیر کو بھی پرتشدد واقعات کا سلسلہ جاری رہا اور مزید پانچ افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ ایف سی کو دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں کارروائی کی اجازت دے دی گئی ہے ۔ دوسری جانب سیاسی قیادت شہر میں امن کے لئے سر جوڑے بیٹھی رہی۔

پولیس کے مطابق آج کراچی کے مختلف علاقوں عثمان آباد ،بھٹائی کالونی ،مومن آباد ،شیر پاؤ کالونی اور نارتھ ناظم آباد میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں پانچ افراد کو ہلاک کر دیا گیا ۔ شر پسندوں نے ڈرگ روڈ پر ایک ایمبولینس کو بھی آ گ لگا دی ۔

ادھرملیر سمیت کئی علاقوں میں پولیس اوررینجرز کے سرچ آپریشن کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیاگیاجن میں ایک اہم ملزم بھی شامل ہے۔ ملیر اور ملحقہ علاقوں میں کشیدگی تاحال برقرار ہے، تاہم دیگر علاقوں میں حالات معمول پر آرہے ہیں اور کاروبار زندگی بحال ہوگیا ہے۔

ملیر کے مختلف علاقوں میں آج بھی دکانیں اور مارکٹیں بندرہیں۔ مکینوں کاکہناہے کہ نامعلوم افراد نے بجلی کی پی ایم ٹی کو بھی تباہ کیاجس سے بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ علاقے سے پولیس اور رینجرز غائب ہے۔

ڈی آئی جی ایسٹ نعیم بروکھا کے مطابق ملیر کے اندرونی علاقوں میں پولیس چوبیس گھنٹے گشت کرے گی۔ گزشتہ روز پولیس نے کارروائی کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لیاتھا۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت اور وفاقی ادارے صوبہ سندھ باالخصوص کراچی میں قیام امن کے لئے بھرپور تعاون کررہے ہیں۔ جبکہ حکومت نے جرائم پیشہ افراد، دہشت گردوں اور مجرموں کے سدباب کے لئے سخت سے سخت اقدامات کے لئے پولیس اور رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات دے دی گئی ہیں۔

وزیر اعلی ٰ ہاوٴس کراچی میں وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے صوبہ سندھ باالخصوص کراچی میں امن امان کے متعلق اقدامات کا بغورجائزہ لیا ہے۔ پولیس اور متعلقہ اداروں کو ہر حال میں پر امن حالات کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کردی گئی ہیں۔

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی صدارت میں گورنر ہاوٴس میں پاکستان پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ اور اے این پی کے رہنما وٴں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں شہر میں جاری صورتحال سمیت متعدد امور پر بات چیت ہوئی ،تینوں جماعتوں کے رہنماوٴں نے شہر میں قیام امن کے لئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کرتے ہوئے دہشت گردی میں ملوث عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی پر زور دیا۔

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے اس ضمن میں نچلی سطح پر اتحاد واتفاق کی فضا یقینی بنانے پر زور دیا تاکہ شہر کا ماحول پر امن بنانے کی کوشش نتیجہ خیز ثابت ہو۔ تینوں جماعتوں کے رہنماوٴن نے اتفاق کیا اور عزم ظاہر کیا کہ ملک کو درپیش چیلنجز اور موجودہ صورتحال میں پوری قوم کو یکجا کرنا اور اتحاد و بھائی چارگی کرنا ہمارا اولین مشن ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے زیر صدارت وزیر اعلیٰ ہاوٴس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں امن امان کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا، وزیر اعلیٰ سندھ نے آئی جی سندھ ، قائم مقام ڈائریکٹر جنرل رینجرز سندھ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ صوبہ سندھ باالخصوص کراچی میں ہر صورت میں امن قائم کیا جائے اور شرپسندوں، دہشت گردوں، عوام دشمن قوتوں اور انسانیت کے دشمنوں کے خلاف بلا امتیاز، بلا تفریق سخت کارروائی کی جائے۔

XS
SM
MD
LG