امریکہ کی ریاست نیو یارک کے گورنر اینڈریو کومو کے جنسی ہراسانی کے الزامات کے جواب میں عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد اب ان کی لیفٹننٹ گورنر کیتھی ہوکل ریاست کی گورنر بنیں گی۔
گورنر اینڈریو کومو نے منگل کو اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ کیتھی ہوکل اس سے قبل امریکی کانگریس کی رکن بھی رہ چکی ہیں اور اب وہ نیو یارک کے گورنر کے طور پر کام کرنے والی پہلی خاتون ہوں گی۔
کیتھی ہوکل نیو یارک کی 233 سالہ تاریخ میں پہلی خاتون گورنر بننے کا اعزاز حاصل کریں گی۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق سن 2015 سے لیفٹننٹ گورنر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والی کیتھی ہوکل اب دسمبر 2022 میں اپنی چار سالہ مدت مکمل ہونے تک اینڈریو کومو کا عہدہ سنبھالیں گی۔
نیو یارک کے گورنر اینڈریو کومو نے 2014 میں کیتھی ہوکل کو لیفٹننٹ گورنر کے ٹکٹ کی پیش کش کی تھی۔ اینڈریو کومو اور کیتھی ہوکل کو 2014 اور پھر 2018 میں کامیابی حاصل ہوئی۔
بطور لیفٹننٹ گورنر کیتھی ہوکل 10 اقتصادی ترقیاتی کونسلوں کی صدارت کرتی ہیں جو ریاست بھر کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرتے ہیں۔
کیتھی ہوکل منشیات کے استعمال سے نمٹنے کے لیے ایک ٹاسک فورس کی شریک چیئر پرسن بھی ہیں جب کہ انہوں نے کالج کیمپسوں میں جنسی زیادتی سے نمٹنے کے لیے 2015 میں اینڈریو کومو کی ’اِنف از اِنف‘ مہم کی قیادت بھی کی تھی۔
کیتھی ہوکل 1958 میں نیویارک کے شہر بفلو میں پیدا ہوئی تھیں۔ انہوں نے امریکی وکیل ولیم ہوکل سے شادی کی جب کہ ان کے دو بچے ہیں۔
انہوں نے 1980 میں سریکیز یونی ورسٹی سے تعلیم مکمل کی جس کے بعد انہوں نے 1984 میں واشنگٹن کی کیتھولک یونی ورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔
واشنگٹن کی ایک لا فرم میں کچھ عرصہ خدمات انجام دینے کے بعد کیتھی ہوکل نے نیویارک کے رکنِ کانگریس جان لا فالس کی قانون ساز معاون کے طور پر کام کیا اور پھر انہوں نے فنانس اور امیگریشن اصلاحات سے متعلق قانون سازی کے مسودے میں سینیٹر ڈینیئل پیٹرک کی مدد کی تھی۔
کیتھی ہوکل نے 14 برس تک بفلو شہر کے جنوب میں ہیمبرگ میں ٹاؤن کونسل کی رکن کی حیثیت سے خدمات بھی انجام دی تھیں۔
بعد ازاں اس وقت کے گورنر ایلیٹ اسپٹزر نے انہیں ایری کاؤنٹی میں اپنا کلرک مقرر کیا تھا اور وہ 2011 تک اس عہدے پر کام کرتی رہیں۔ بعد ازاں انہوں نے نیویارک کانگریشنل ڈسٹرکٹ کے خصوصی الیکشن میں کامیابی حاصل کی جو گزشتہ 40 برس سے ڈیموکریٹس نے نہیں جیت پائے تھے۔
سن 2012 میں کانگریشنل ڈسٹرکٹ میپ کو دوبارہ تیار کرنے کے بعد وہ ایک رپبلکنز سے نشت ہار گئی تھیں۔
کیتھی ہوکل خود کو ایک ’آزاد ڈیموکریٹ‘ قرار دیتی ہیں۔ 2012 میں وہ ان 17 ڈیموکریٹس میں شامل تھیں جنہوں نے امریکی اٹارنی جنرل ایرک ہولڈر کے خلاف توہینِ کانگریس کی کارروائی کرنے کی حمایت کی تھی۔ ایرک ہولڈر پر الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے اسلحے کی فروخت کے حوالے سے ہونے والی ایک تحقیقات سے متعلق دستاویزات کانگریس کو فراہم نہیں کی تھیں. جس متعلق دستاویزات منگوائی گئی تھیں وہ ’آپریشن فاسٹ اینڈ فیوریس‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔
اس خبر میں معلومات خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ سے حاصل کی گئیں۔