رسائی کے لنکس

امریکی وزیرخارجہ کی اعلٰی چینی سفارت کار سے ملاقات


حکام کے مطابق دو روزہ کے ایجنڈے میں متوقع طور پر ایبولا کی وبا اور دولت اسلامیہ کے انتہا پسندوں کے خلاف خصوصاً عراق میں لڑائی پر بھی بات چیت ہو گی۔

امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے چین کے اعلیٰ ترین سفارتکار یانگ جئیچی کے ساتھ دو روزہ بات چیت کے موقع پر انھیں بوسٹن میں اپنی نجی رہائش گاہ پر مدعو کیا۔

یہ بات چیت دونوں ملکوں کے درمیان آئندہ ماہ ہونے والی دو طرفہ کانفرنس سے پہلے تعلقات میں پیش رفت کے لیے ہو رہی ہے۔

چین اور امریکہ کے حکام کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ کونسلر یانگ جئیچی سے ہونے والی بات چیت میں عالمی امور بشمول ایران کے ساتھ جوہری مذاکرات اور ہانگ کانگ میں مظاہروں سمیت وسیع تر موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق ایجنڈے میں متوقع طور پر ایبولا کی وبا اور دولت اسلامیہ کے انتہا پسندوں کے خلاف خصوصاً عراق میں لڑائی پر بھی بات چیت ہو گی۔ توانائی سے متعلق عراق میں چین کے وسیع تر مفادات ہیں۔

کیری نے رواں ماہ کے اوائل میں واشنگٹن میں اپنے چینی ہم منصب وانگ یی سے ملاقات کی تھی جس میں ہانگ کانگ میں جاری جمہوریت نواز مظاہروں پر دونوں ملکوں کے درمیان اختلافات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکہ کے صدر براک اوباما اور چین کے صدر ژی جنپنگ کے درمیان 12 نومبر کو بیجنگ میں ملاقات ہونے جا رہی ہے۔ یہ ملاقات ایشیا پیسیفک اقتصادی فورم کے سربراہی اجلاس کے بعد ہوگی۔

XS
SM
MD
LG