رسائی کے لنکس

یہ اسرائیل فلسطین براہِ راست مذاکرات کا موزوں وقت نہیں: کیری


امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہےکہ تمام فریق نے اُنھیں اِس بات کا یقین دلایا ہے کہ وہ محض لفاظی سے اجتناب کرتے ہوئے، امن برقرار رکھنے کے لیے، بقول اُن کے، ’اصل اقدامات‘ کریں گے۔ تاہم، کیری نے اِن اقدامات کی تفصیل نہیں بتائی

امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا ہے کہ اسرائیلی اور فلسطینی رہنماؤں کے درمیان نئے براہِ راست مذاکرات کے لیے یہ موزوں وقت نہیں ہے۔

کیری نے جمعرات کے روز عمان میں اسرائیلی وزیر اعظم بیجامن نیتن یاہو اور اردن کے شاہ عبدللہ سے ملاقات کے علاوہ فلسطینی صدر محمود عباس کے ساتھ ایک علیحدہ ملاقات کی۔

ٹیمپل ماؤنٹ کے سوال پر، گذشتہ کچھ ہفتوں سے یروشلم میں کشیدگی پھیلی ہوئی ہے۔ یہ مسلمانوں کا متبرک مقام ہے جسے مسلمان الاقصیٰ مسجد کہتے ہیں۔ اِس مقام کو یہودی اور مسلمان دونوں متبرک سمجھتے ہیں، جِس کا انتظام اردن کے پاس ہے۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہےکہ تمام فریق نے اُنھیں اِس بات کا یقین دلایا ہے کہ وہ محض لفاظی سے اجتناب کرتے ہوئے، امن برقرار رکھنے کے لیے، بقول اُن کے، ’اصل اقدامات‘ کریں گے۔ تاہم، کیری نے اِن اقدامات کی تفصیل نہیں بتائی۔

طویل مدت سے جاری ایک سمجھوتےکے تحت، یہودی ’ٹیمپل ماؤنٹ‘ کا دورہ کرسکتے ہیں، لیکن وہاں کھلے عام عبادت نہیں کرسکتے، جس پر عربوں کو کوئی اعتراض ہو۔

لیکن، کچھ یہودی اِس بات کی کوشش کرتے رہے ہیں کہ اِس مقام پر اُن کو بھی عبادت کا حق دیا جائے۔

اِس سے قبل، اِسی ماہ، ایک فلسطینی مسلح شخص نے ٹیمپل ماؤنٹ پر عبادت کے حقوق بڑھانے کے سلسلے میں ہونے والی ایک کانفرنس کے بعد، ایک امریکی نژاد ’رَبائی‘ کو گولی مار کر شدید زخٕمی کریا تھا۔ اور پھر، اسرائیلی پولیس نے اُس مسلح شخص کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔

اس سے قبل، امریکی محکمہٴخارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، امریکی وزیرٴ خارجہ جان کیری جمعرات کے روز عمان میں اُردن کے شاہ عبداللہ دوئم اور اسرائیلی وزیر ِاعظم بنجمن نیتن یاہو کے ساتھ سہ فریقی ملاقات کی۔ تینوں عالمی راہنماؤں کی اس ملاقات کا مقصد یروشلم میں جاری تناؤ کے خاتمے کے لیے کوشش کرنا تھا۔

اس سے پہلے، جان کیری فلسطینی صدر محمود عباس سے عمان میں ان کے گھر پرعلیحدہ ملاقات کر چکے ہیں۔ جان کیری اور صدر عباس کے درمیان ملاقات کو بھی اسرائیل اور فلسطین کے درمیان تناؤ کی لہر کم کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

عمان میں جان کیری اور فلسطینی صدر کے درمیان ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی جب کچھ گھنٹے قبل ہی مشرقی یروشلم میں فلسطینی اور اسرائیلیوں کے درمیان تازہ جھڑپیں ہوئیں۔ اسرائیلی پولیس نے اس موقعے پر فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور ربر کی گولیوں کا استعمال کیا۔

گذشتہ چند ہفتوں میں یروشلم کے مقدس اور حساس ترین مقام کے حوالے سے فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان پُرتشدد واقعات میں اضافہ آیا ہے۔ یہ وہ مقام ہے جو مسلمان اور یہودیوں کے لیے متبرک ہے، اور جہاں مسجد ِ اقصیٰ ، ’ٹیمپل ماؤنٹ‘ اور ’ڈوم آف دی روک‘ موجود ہے۔

امریکی محکمہ ِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں واضح کیا گیا کہ امریکہ اسرائیل کی جانب سے نئی بستیوں کی تعمیر کے باعث شدید تشویش میں مبتلا ہے۔ امریکہ نے یہودیوں کی جانب سے نئی بستیوں کی تعمیر کو ’دو ریاستی حل کے مجوزہ ہدف کی طرف ایک رخنہ‘ قرار دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG