رسائی کے لنکس

کراچی جلسہ: بینظیر سے وابستہ امیدیں بلاول پوری کرے گا، شرکاء


کراچی میں پیپلزپارٹی کا جلسہ
کراچی میں پیپلزپارٹی کا جلسہ

کراچی میں ہفتے کو ہونے والے اس جلسے میں ملک بھر کے مختلف شہروں سے بڑی تعداد میں قافلے شریک ہوئے۔

پاکستان کی ایک اہم سیاسی جماعت پیپلزپارٹی کا ہفتےکے روز ہونےوالا جلسہ جہاں ایک جانب بلاول بھٹو زرداری کے سیاسی سفر کا ایک آغاز ہے وہیں اس جلسے میں شریک ہزاروں کی تعداد میں شرکا بھی بلاول بھٹو سے کئی امیدیں وابستہ کئے ہوئے ہیں۔

کراچی میں ہونے والے اس جلسے میں ملک بھر کے مختلف شہروں سے بڑی تعداد میں قافلے اس جلسے میں شریک ہوئے۔

وائس آف امریکہ کی نمائندہ سے جلسے کے شرکاء سے گفتگو میں کہنا تھا کہ جو امیدیں انھوں نے پیپلز پارٹی کی شہید رہنما بینظیر بھٹو سے وابستہ کی تھیں اب وہ امید کررہے ہیں کہ انھیں بلاول بھٹو پوری کرسکیں گے۔

کراچی میں پیپلزپارٹی کے جلسے میں صوبہ پنجاب کے شہر لاہور سے شرکت کیلئے آنےوالی ایک خاتون نے وائس آف امریکہ کی نمائندہ سے گفتگو میں بتایا کہ وہ بلاول بھٹو کیلئے اس جلسے میں شریک ہوئی ہیں۔ بقول ان خاتون کے انھیں امید ہے کہ یہ جلسہ ثابت کرےگا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے جو قربانیاں دی تھیں وہ اج بھی زندہ ہیں"۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو بینظیر بھٹو کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ ہم نے پہلے جو بینظیر سے امیدیں وابستہ کی تھیں اب ان کے صاحبزادے بلاول سے منسوب کرلی ہیں۔

جلسے میں شریک ایک نوجوان نے وی او اے گفتگو میں کہا کہ "امید لےکر آیا ہوں کہ بلاول سیاسی میدان میں سب کو پیچھے چھوڑدیگا، بلاول نوجوان لڑکا ہے، وہ ہماری طرح سوچتا ہے اسلئے ہم نوجوانوں کی سوچ ایک ہے"۔

نوجوان کا کہنا تھا کہ اس سمیت ان کے تمام دوست اس جلسے میں شریک ہیں اور ہر کوئی ملکی حالات میں مثبت تبدیلی کا خواہش مند ہے"۔

سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد سے شریک ایک شہری کا کہنا تھا کہ "ہماری امیدیں ہیں بلاول بھٹو سے، آج کے جلسے نے پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے ریکارڈ توڑدیے ہیں، جبکہ حیدر آباد کے عوام بھی بلاول سے کافی امیدیں لگائے ہوئے ہیں"۔

ایک اور نوجوان نے وی او اے سے گفتگو میں کہا کہ " ہم پاکستان میں ایک نئی تبدیلی دیکھنا چاہے ہیں اسلئے اس جلسے میں بلاول کی سپورٹ کیلئے آئے ہیں"۔

نوجوان کے بقول ملک میں تبدیلی بلاول بھٹو لاسکتا ہے اور کوئی نہیں لاسکتا کیوںکہ بلاول ایک پڑھا لکھا سیاستدان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے پرانے نعرے "روٹی کپڑا اور مکان" کو بلاول پورا کرکے دکھائے گا۔

کراچی میں ہفتے کے روز پیپلز پارٹی کے سیاسی جلسے میں جہاں کارکنوں کی ایک بڑی تعداد شریک ہوئی وہیں ملک بھر کے مختلف شہروں سے بھی ہزاروں کی تعداد میں افراد شریک ہوئے۔

سندھ کے شہر سکھر سے جلسے میں شرکت کیلئے آنے والے افراد کیلئے ایک خصوصی ٹرین چلائی گئی تھی جس میں سیکڑوں افراد کراچی پہنچے۔ جبکہ اسی طرح لاڑکانہ، نواب شاہ، گھوٹکی، ٹھٹھہ، سجاول، فیصل آباد، اور لاہور سے بھی درجنوں افراد گاڑیوں، موٹرسائیکلوں اور خصوصی بس سروس کے ذریعے کراچی جلسے میں پہنچے۔

جلسے سے قبل کارکنوں کی بڑی تعداد نے پارٹی کے نغموں پر ر قص اور بھںگڑے کیے۔

XS
SM
MD
LG