رسائی کے لنکس

انتخابات وقت پر ہوں گے، شک کی کوئی گنجائش نہیں: جنرل کیانی


فائل
فائل

پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ ملک میں عام انتخابات 11 مئی کو ہی ہوں گے اور اس بارے میں کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے۔

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ 11مئی کے انتخابات "وقت پر ہوں گے"، اور یہ کہ اِس بارے میں "کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیے"۔

منگل کی شب راول پنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل کیانی کا کہنا تھا کہ الیکشن مسائل کا حل نہیں بلکہ حل کی جانب ایک اہم قدم ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جمہوریت کے استحکام میں فوج معاون رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور آمریت کے درمیان اعصاب شکن کھیل جزا و سزا سے ختم نہیں ہوگا بلکہ یہ کھیل عوام کی بھرپور شمولیت سے ختم ہوگا۔

فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ جمہوریت کی کامیابی عوام کی خوشحالی ہے اور کسی کو بھی انتخابی ذمے داریوں سے کوتاہی نہیں برتنی چاہیے۔

ان کے بقول، "ہم نے لسانی، سماجی اور فرقہ وارانہ تعصبات چھوڑدیئے تو پھر آمریت کاخطرہ نہیں رہے گا"۔

اپنے خطاب میں پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلا ف جنگ ہماری اپنی جنگ ہے، اسے صرف فوج کی جنگ سمجھنا انتشارکی طرف لے جائے گا جب کہ پاکستان، ان کے بقول، مزید کسی انتشار کامتحمل نہیں ہوسکتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کئی حلقے اس بحث میں الجھنا چاہتے ہیں کہ یہ جنگ کیوں شروع ہوئی؟ ان کے بقول حقیقت یہ ہے کہ پاکستان اور پاکستانی عوام آج اس جنگ کانشانہ ہیں اور دہشت گردی کا ناسور اب تک ہزاروں پاکستانیوں کی جان لے چکا ہے۔

جنرل کیانی نے کہا کہ اگرکوئی ٹولہ ہم پر اپنے نظریات مسلط کرنا چاہے تو اسے کس طرح برداشت کیا جاسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک اور آئین سے بغاوت کبھی برداشت نہیں کی گئی اور پاکستان اس کا ہرگزمتحمل نہیں ہوسکتا۔

فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اگر ہتھیار بند قومی دھارے میں شامل ہونا چاہتے ہیں تو آئین کوتسلیم کریں، انہیں خوش آمدید کہیں گے۔
XS
SM
MD
LG