ایک فوجی ترجمان نے بتایا کہ کینٹکی میں آرمی کے دو بلیک ہاک ہیلی کاپٹروں کے حادثے میں نو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
فورٹ کیمبل کے ترجمان، نونڈیس تھورمین نے جمعرات کی صبح بتایا کہ یہ ہلاکتیں گزشتہ رات جنوب مغربی کینٹکی میں معمول کے تربیتی مشن کے دوران ہوئیں۔
فورٹ کیمپبیل سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دو ایچ ایچ ۔60 بلیک ہاک ہیلی کاپٹر، جو 101 ویں ایئر بورن ڈویژن کا حصہ ہیں، بدھ کی رات 10 بجے کے قریب ٹریگ کاؤنٹی، کینٹکی میں گر کر تباہ ہوئے۔
101 ایئر بورن نے فورٹ کیمبل کے شمال مغرب میں تقریباً 48 کلومیٹر (30 میل) کے فاصلے پر حادثے کی تصدیق کی۔ حادثے کی تحقیقات جاری ہے۔
کینٹکی کے گورنر اینڈی بیشیر نے پہلے کہا تھا کہ ہلاکتیں کی متوقع ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور ایمرجنسی اہل کار جائے وقوعہ پر پہنچ رہے ہیں۔
کینٹکی ریاستی پولیس کی ٹروپر سارہ برجیس نے ایک نیوز بریفنگ میں کہا کہ حادثہ ایک میدان میں ہواجس میں کچھ جنگل کا علاقہ ہے۔ اور ابھی کسی رہائشی علاقے کے کسی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
فورٹ کیمبل ٹینیسی کی سرحد کے قریب واقع ہے۔ نیش وِل سے تقریباً 60 میل (97 کلومیٹر) شمال مغرب میں، اور حادثہ کینٹکی کی ٹریگ کاؤنٹی میں پیش آیا، جو کیڈیز کا علاقہ ہے۔
نِک ٹوماسزیوسکی نے، جو کہ حادثے کے مقام سے تقریباً ایک میل کے فاصلے پر رہتے ہیں، بتایا کہ اس نے حادثے سے چند لمحے قبل انہوں نےاپنے گھر کے اوپر دو ہیلی کاپٹر پرواز کرتے ہوئے دیکھے تھے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات میں اور میری بیوی وہاں ڈیک پر بیٹھے باہر دیکھ رہے تھے اور میں نے کہا ’’ وہ دو ہیلی کاپٹر نیچے نظر آ رہے ہیں اور وہ آج رات ایک دوسرے کے قریب لگ رہے ہیں‘‘۔
ہیلی کاپٹر اڑتے رہے اور کچھ ہی لمحوں بعد ’’ہم نے دیکھا تو لگتا تھا جیسے آسمان پر آتش بازی ہو رہی ہے‘‘۔
ٹوماسزیوسکی نے کہاکہ پھر ان ہیلی کاپٹر کی تمام روشنیاں بجھ گئیں ۔ اور پھر ہم نے آگ کے ایک بہت بڑے گولے کی سی چمک دیکھی۔
انہوں نے کہا کہ تربیتی مشقوں کے لیے پروازیں تقریباً روزانہ ہوتی ہیں اور ہیلی کاپٹر عام طور پر نچلی پرواز کرتے ہیں لیکن ایک دوسرے کے اتنے قریب نہیں ہوتے۔
انہوں نے مزیدکہاکہ دو ہیلی کاپٹر ایک دوسرے کے پیچھے پیچھے تھے۔ ہم عام طور پر ہم ایک کو دیکھتے ہیں اور پھر کچھ منٹ بعد دوسرا نظر آتا ہے، لیکن ہم نے کل رات ان میں سے دو کو ایک ساتھ اڑتے دیکھا۔
کینٹکی سینیٹ کے اراکین نے جمعرات کی صبح حادثے کے متاثرین کے احترام میں ایک لمحے کی خاموشی اختیار کی۔
سینیٹ کے صدر رابرٹ اسٹیورز نے اداس اور غمگین ایوان کو بتایا کہ ’’ہمیں نہیں معلوم کہ کیا ہوا ہے، لیکن میں سمجھتا ہوں کہ یہ برا ہوا ہے اور ہماری فوج کا کافی جانی نقصان ہوا ہے‘‘۔
گزشتہ ماہ، ٹینیسی نیشنل گارڈ کے دو پائلٹ اس وقت ہلاک ہو گئے تھے جب ان کا بلیک ہاک ہیلی کاپٹر تربیتی مشق کے دوران الاباما ہائی وے پر گر کر تباہ ہو گیا تھا۔
(اس رپورٹ کی کچھ تفصیلات اے پی سے لی گئیں ہیں)