|
جاپان کی ایک کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے حال ہی میں ایک ایسا چمچ تیار کیا ہے جو کھانے میں موجود نمک کے ذائقے کو بڑھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
کمپنی کے مطابق کھانے میں زیادہ نمک کا استعمال مختلف بیماریوں میں مبتلا کر سکتا ہے اور اسی مسئلے کے حل کے لیے 'الیکٹرک اسپون' تیار کیا گیا ہے۔
'الیکٹرک اسپون' جاپان میں مشروبات بنانے والی ایک معروف کمپنی 'کیرن ہولڈنگز' نے تیار کیا ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس چمچ کے استعمال سے کھانے میں کم نمک ہونے کے باوجود آپ نمکین ذائقہ محسوس کر سکتے ہیں اور یہ صحت مند زندگی کو فروغ دینے میں کردار ادا کر سکتا ہے۔
کمپنی نے پیر کو 'الیکٹرک اسپون' لانچ کیا ہے جس نے گزشتہ برس 'آئی جی نوبیل پرائز' اپنے نام کیا تھا۔ آئی جی نوبیل پرائز غیر معمولی اور انوکھی تحقیق پر دیا جاتا ہے۔
کیرن ہولڈنگز کے مطابق وہ رواں ماہ صرف 200 چمچے آن لائن فروخت کریں گے جس کی قیمت 127 امریکی ڈالرز ہو گی۔ جب کہ اسے جون میں محدود پیمانے میں جاپان کے ریٹیل اسٹورز پر فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔
الیکٹرک اسپون سال 2025 سے دنیا بھر میں فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔ کمپنی کو امید ہے کہ وہ آئندہ پانچ برسوں میں دنیا بھر میں 10 لاکھ صارفین کو یہ چمچہ فروخت کر سکے گی۔
چمچہ کس چیز سے بنا ہے اور کیسے کام کرتا ہے؟
الیکٹرک اسپون پلاسٹک اور میٹل سے بنا ہے۔ جب کوئی شخص اس چمچے کی مدد سے کھانا کھاتا ہے تو چمچ کمزور الیکٹرک سگنل ریلیز کرتا ہے۔ یہ الیکٹرک سگنلز کھانے میں موجود سوڈیم (نمک) کے مالیکیولز کی تاثیر کو بڑھا دیتے ہیں جس کی وجہ سے کھانے کا ذائقہ مزید نمکین محسوس ہونے لگتا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ ٹیکنالوجی جاپان کے لیے بہت کار آمد ثابت ہو گی کیوں کہ یہاں اوسطاً بالغ انسان یومیہ لگ بھگ 10 گرام تک نمک استعمال کرتا ہے جو عالمی ادارۂ صحت کی تجویز کردہ مقدار سے دوگنی ہے۔
عالمی ادارۂ صحت کی تجویز کے مطابق ایک بالغ انسان کو دن میں پانچ گرام تک نمک کا استعمال کرنا چاہیے۔ نمک کا زیادہ استعمال ہائی بلڈ پریشر، فالج اور دیگر بیماریوں کے خطرات بڑھا سکتا ہے۔
الیکٹرک اسپون کا وزن 60 گرام ہے اور یہ ری چارج ہونے والی لیتھیئم بیٹری کی مدد سے چلتا ہے۔ اسے جاپان کی میجی یونیورسٹی کے پروفیسر ہومی میاشیتا کی شراکت سے تیار کیا گیا ہے۔ پروفیسر اس سے قبل ذائقہ بڑھانے والے چاپ اسٹکس بھی بنا چکے ہیں۔
فورم