رسائی کے لنکس

کرد فورسز نے داعش سے تیل کی تنصیب کا قبضہ چھڑا لیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

کرد عسکری ذرائع نے کہا کہ لڑائی میں ایک نشانہ باز کی گولی لگنے سے پیش مرگہ فورسز کے ایک اعلی کمانڈر ہلاک ہو گئے ہیں۔

عراق کی کرد فورسز نے ہفتہ کو شمالی عراق میں تیل کی ایک تنصیب پر دوبارہ قبضہ کر لیا جس پر داعش کے عسکریت پسندوں نے تسلط قائم کر رکھا تھا۔ تاہم اس تنصیب پر کام کرنے والے کارکنوں سے متعلق متضاد اطلاعات ہیں۔

خبررساں ادارے رائیٹرز نے سرکاری نارتھ آئل کمپنی کے ایک عہدیدار کے حوالے سے بتایا ہے کہ شمالی عراق میں واقع خباز آئل تنصیب پر کام کرنے والے 15 کارکن لاپتا ہیں تاہم فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے 24 کارکنوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔ سکیورٹی اہلکاروں نے تنصیب پر نصب کیے گئے دھماکا خیز مواد کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا ہے۔

کرد عسکری ذرائع نے کہا کہ لڑائی میں ایک نشانہ باز کی گولی لگنے سے پیش مرگہ فورسز کے ایک اعلی کمانڈر ہلاک ہو گئے ہیں۔ ان کا نام میجر جنرل حسین منصور بتایا جاتا ہے۔

وہ گزشتہ دو روز کے دوران ہلاک ہونے والے دوسرے کرد سینیئر افسر ہیں۔ جمعہ کو کرکوک صوبے میں داعش کے شدت پسندوں کی طرف سے کیے گئے ایک بڑے حملے میں ایک بریگیڈیئر جنرل ہلاک ہو گئے تھے۔

کرد فورسز، جنہیں امریکہ کی زیر قیادت ہونے والی فضائی کارروائیوں کی بھی حمایت حاصل ہے، کو شام اور عراق میں داعش کے خلاف کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں جہاں (داعش) جنگجوؤں نے ایک وسیع علاقے پر قبضہ کر رکھا ہے۔

XS
SM
MD
LG