رسائی کے لنکس

کائلی جینر ارب پتی افراد کی فہرست سے باہر


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کے کاروباری جریدے 'فوربز میگزین' نے رئیلٹی ٹی وی اسٹار کائلی جینر کو ارب پتی افراد کی فہرست سے نکال دیا ہے۔

میگزین کی جانب سے گزشتہ سال مارچ میں انہیں دنیا کی سب سے کم عمر سیلف میڈ ارب پتی قرار دیا گیا تھا لیکن جمعے کو میگزین کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اب اسے یقین نہیں آتا کہ کائلی کی مجموعی مالیت اتنی ہے کہ انہیں ارب پتی کہا جا سکے۔

میگزین کا کہنا ہے کہ اس نے 'کوٹی انکارپوریٹ' کے جاری کردہ مالی اعداد و شمار کا جائزہ لیا ہے۔ کوٹی نے نومبر 2019 میں کائلی کی کاسمیٹک کمپنی کے 51 فی صد حصص خریدے تھے لہذا جاری کردہ اعداد و شمار سے ثابت ہوتا ہے کہ 'کائلی کاسمیٹکس' کا کاروبار حجم کے لحاظ سے چھوٹا اور زیادہ منافع بخش نہیں۔

'فوربز میگزین' کی جانب سے تازہ ترین جائزے کے بعد 22 سالہ کائلی جینر کی مجموعی مالیت کا تخمینہ تقریباََ 90 کروڑ ڈالرز لگایا ہے۔

جمعئ کو ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں کائلی کا کہنا تھا کہ حالیہ کہانی متعدد غلط بیانات اور ناقابل عمل مفروضوں پر مبنی ہے۔

جینر، کم کاردیشین اور کورٹنی کاردیشین کی سوتیلی بہن ہیں۔ انہوں نے 2006 میں 29 ڈالر سے کائلی کاسمیٹکس کے نام سے لپ کٹس، میچنگ لپ اسٹک اور لپ لائنر کا کاروبار شروع کیا تھا۔

کائلی نے ابتدا میں کم کاردیشین کے ساتھ اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ پھر ٹی وی رئیلٹی شوز کے ذریعے وہ اسپاٹ لائٹ میں آئیں جس کے بعد انہیں کامیابی ملتی چلی گئی۔

بعد میں انہوں نے کاسمیٹکس کا کاروبار شروع کیا اور اس میں بھی انہیں کامیابی ملتی چلی گئی۔

کاروباری اور مالیاتی جائزے کے بعد فوربز نے مارچ 2019 میں انہیں ارب پتی قرار دیا لیکن اب میگزین کا کہنا ہے کہ اسے یقین نہیں آتا کہ کائلی کی مجموعی دولت اتنی ہے کہ انہیں ارب پتی کہا جا سکے۔

XS
SM
MD
LG