ایم ٹی وی ایوارڈز 2020 کی تقریب میں معروف امریکی گلوکارہ لیڈی گاگا کی شاندار پرفارمنس سے چار چاند لگ گئے۔ جب کہ گلوکار ایبل تسفائے جنہیں ’دی ویک اینڈ‘ بھی کہا جاتا ہے، نے ٹاپ ایوارڈ حاصل کیا۔
دونوں پاپ اسٹارز نے موجودہ حالات میں شائقین کے لیے اپنے پیغام میں کہا کہ ماسک پہنیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے امریکہ میں نسلی تعصب کے حوالے سے بھی انصاف کی فراہمی پر زور دیا۔
لیڈی گاگا کو ان کے گانے ’رین آن می‘ کے لیے پانچ ایوارڈز ملے جسے انہوں نے تقریب میں پہلی بار لائیو بھی پرفارم کیا۔
جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والے بینڈ 'بی ٹی ایس' نے چار ایوارڈز لیے جن میں بہترین پاپ اور بہترین گروپ کے ایوارڈز شامل ہیں۔
ایسے ہی آریانا گرانڈے کو چار ایوارڈز ملے جن میں ان کا جسٹن بیبر کے ساتھ گانے 'سٹک وِد یو' کو بہترین میوزک ویڈیو فرام ہوم کا ایوارڈ ملا۔
ایسے ہی 'سی این سی او' کو 'ایم ٹی وی' کی جانب سے ایک نیا ایوارڈ دیا گیا۔ انہیں قرنطینہ کے دوران بہترین پرفارمنس پر ایوارڈ ملا۔
میگن تھی اسٹالین کو بیسٹ ہپ ہاپ گانے کا ایوارڈ ملا۔ جب کہ ٹیلر سوفٹ کو 'دی مین' پر بہترین ڈائریکشن کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
اپنی پرفارمنس کے دوران لیڈی گاگا نے کہا کہ ماسک پہنیں، یہ احترام کی نشانی ہے۔
لیڈی گاگا کو سال کی بہترین فنکارہ اور سال کے بہترین گانے کے اجرا کے ایوارڈز ملے۔
لیڈی گاگا نے الیکٹرانک ماسک پہنتے ہوئے فن کا مظاہرہ کیا۔
ان کی پرفارمنس کے دوران آریانا گرانڈے اور اسٹیج پر ڈانسرز نے بھی شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر سب نے ماسک پہنے ہوئے تھے۔
دی ویک اینڈ یعنی ایبل تسفائے جنہوں نے اپنی پرفارمنس سے تقریب کی شروعات کی، نے جیکب بلیک اور بریونا ٹیلر کو خراج تحسین ادا کیا۔ یہ دونوں افراد پولیس تشدد کا نشانہ بنے تھے۔ ان کو بہترین ویڈیو آف دا ایئر کا ایوارڈ دیا گیا۔
ایبل تسفائے نے کہا کہ میرے لیے اس وقت خوشی منانا مشکل ہے۔ میں بس یہی کہوں گا کہ جیکب بلیک اور بریونا ٹیلر کو انصاف ملنا چاہیے۔
تقریب کے میزبان کی پالمر نے کہا کہ یہ تقریب امریکی اداکار چاڈ وک بوس مین کے نام کی جاتی ہے جو جمعے کو کینسر سے وفات پا گئے تھے۔
تقریب میں حال ہی میں وفات پانے والے ریپرز جوس اور پاپ سموک کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔
دی بلیک آئیڈ پیز نے تقریب کے اختتام پر پرفارم کیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ’بلیک لائیوز میٹر‘۔
شو کے کئی حصے پہلے سے ریکارڈ شدہ تھے۔ انہیں نیو یارک کی کئی جگہوں پر فلمایا گیا تھا۔ عالمی وبا کی وجہ سے شو نیو یارک کے بارکلے سینٹر میں منعقد نہیں ہو سکا۔